Live Updates

فواد چوہدری کے ماتحت پی ٹی آئی ٹولے نے سوشل میڈیا پر کردار کشی کی، عامر لیاقت

کردارکشی کی بات تحقیقات کے مراحل میں ہے ،خود نجی معاملے کی تشہیر پریقین نہیں رکھتا ، بیان

پیر 16 مئی 2022 21:08

فواد چوہدری کے ماتحت پی ٹی آئی ٹولے نے سوشل میڈیا پر کردار کشی کی، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2022ء) رکن قومی اسمبلی، اسکالر و ٹی وی میزبان سید عامر لیاقت حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ماتحت پاکستان تحریک انصاف کے ماتحت ٹولے نے سوشل میڈیا پر منظم انداز میں ان کی کردار کشی کی۔عامر لیاقت نے 16 مئی کو اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای) سائبر کرائم کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کے جس ٹولے کوفواد چوہدری دیکھتے ہیں، اس سے سابق وزیر اطلاعات نے منصوبہ بندی کے تحت ان کی کردارکشی کروائی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی کردارکشی اس لیے کی گئی تاکہ عمران خان کو خوش کیا جائے جو کہ ان سے سخت ناراض ہیں، ساتھ ہی انہوں نے پی ٹی آئی چیئرمین کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ وہ ان کا یقین کریں۔

(جاری ہے)

اپنی دوسری ٹوئٹ میں انہوں نے عمران خان کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ان کے چاپلسوں نے پانچ دن تک ان کی سیاست کو چونا لگایا۔عامر لیاقت نے لکھا کہ وہ نفرت و محبت کے جذبات کا ایک ایسا عکس ہیں کہ پاکستان میں جب ان پربحث شروع ہوتی ہے تو گھر گھر کبھی شادی تو کبھی تنسیخ نکاح کا دعویٰ اہم موضوع بن جاتا ہے۔

پی ٹی آئی کے منحرف رکن نے اپنی تیسری ٹوئٹ میں لکھا کہ ان کی کردارکشی کی بات تحقیقات کے مراحل میں ہے لیکن وہ خود نجی معاملے کی تشہیر پریقین نہیں رکھتے۔اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے عمران خان کا مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ وہ جلد ملک چھوڑ جائیں گے لیکن وہ ان سے عہدہ کرتے ہیں کہ وہ روانگی سے قبل انہیں اور فواد چوہدری کو سرپرائز دیتے جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات