صوابی ،قتل کی چار الگ الگ وارداتوں میں دو خواتین سمیت پانچ افراد جاںبحق ،دو زخمی ہو گئے

پیر 16 مئی 2022 21:20

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2022ء) ضلع صوابی میں قتل کی چار الگ الگ وارداتوں میں دو خواتین سمیت پانچ افراد جاںبحق جب کہ دو زخمی ہو گئے شہزاد اللہ سکنہ سلیم خان لختے نے زخمی حالت میں تھانہ صوابی میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ پیر کے روز اپنے ماموں زاد حمزہ جس کا والد زیر اکبر قتل کے ایک مقدمہ میں جیل میں ہے کی تاریخ پیشی بھگتنے کے لئے مجروح ڈرائیور معاذسکنہ زیدہ کے ہمراہ جوڈیشل کمپلیکس شاہ منصور آرہے تھے جبکہ ان کا ماموں زاد اعجاز ولد زیر اکبر اپنے موٹر سائیکل پر ہمارے کار کے پیچھے آرہے تھے جونہی کار پنج پیر نرے لار کے مقام پر پہنچی تو ایک کار میں سوار افراد ارشد ، حامد اور جلال ساکنان شریف آباد مانیری بالا نے ان کی کار پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں ان کا ماموں زاد حمزہ گولی لگنے سے موقع پر جاں بحق جب کہ وہ اور کار ڈرائیور معاذ شدید زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں وجہ عناد یوں بیان کی ہے کہ ہمارے اور ملزمان کے مابین دشمنی چلی آرہی تھی ۔دریں اثناء ریسکیو1122کی رپورٹ کے مطابق ڈاگئی لار کے مقام پر ایک بیس سالہ شادی شدہ خاتون گھر کے اندر فائرنگ سے جاں بحق ہو گئی تھانہ صوابی کی رپورٹ کے مطابق شام تک مراسلہ نہ آنے کی وجہ سے وجہ قتل اور ملزمان معلوم نہ ہو سکی۔ قتل کی ایک اور واردات میں فائرنگ سے 65سالہ عبدالحفیظ اور اس کا بیٹا عبدالاحد جا ں بحق ہو گئے۔ اسی طرح موضع مینئی میں سوات سے تعلق رکھنے والی تیس سالہ خاتون فائرنگ سے جاں بحق ہو گئیں پولیس تھانہ ٹوپی کی رپورٹ کے مطابق دونوں وارداتوں کا مراسلہ نہ آنے کی وجہ سے قتل اور ملزمان فوری طور پر معلوم نہ ہو سکی۔