نجی ٹھیکیدار8 لاکھ روپے کے عیوض بھی خراب ٹرانسفارمرٹھیک نہ کرسکاحیسکوملازمین نے بنا کسی اضافی اخراجات کے بجلی بحال کردی

پیر 16 مئی 2022 22:08

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2022ء) واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے کہا ہے کہ کوہسار گرڈ اسٹیشن کے خراب ٹرانسفارمر کی بائے پاس گرڈ اسٹیشن سے منتقلی کے لئے نجی ٹھیکیدار 8 لاکھ روپے کے عیوض بھی کام نہ کرسکا مگر ہمارے حیسکو کے ملازمین نے بنا کسی اضافی اخراجات سے یہی کام کم وقت میں کر کے عوام کے لئے بجلی بحال کردی ، سی ای او حیسکو نور احمد سومرو کی طرف سے اس موقع پر صرف 20 ہزار روپے کا اعلان اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے کیونکہ نجی ٹھیکیدار کو 8 لاکھ روپے کی خطیر رقم ادا کی جا رہی تھی اس کے باوجود وہ کام چھوڑ کر بھاگ گیا، انصاف کا تقاضہ ہے کہ دن رات کام کرنے والے 40 ملازمین کو فی کس کم از کم 5000 روپے بطور انعام دیا جائے تاکہ ملازمین کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ ادارے کے لئے مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔

(جاری ہے)

وہ لیبر ہال حیدرآباد میں کوہسار گرڈ اسٹیشن میں خراب ٹرانسفارمر کی جگہ دوسرے ٹرانسفارمر کی منتقلی اور اسے کم سے کم وقت میں بجلی بحال آنے والے 40 رکنی ملازمین کے ایک وفد سے ملاقات کر رہے تھے، وفد کی قیادت زونل چیئرمین جی ایس سی محمد اکرم خان، احتشام الدین، سلیم عباسی، کاشف ، محمد یامین ، اسرار زیدی و دیگر نمائندگان کر رہے تھے، چیئرمین محمد اکرم خان نے بتایا کہ ہماری لیبر نے شبانہ روز عید کے دنوں میں بھی کام کرکے کم وقت میں 13 مئی کو ٹرانسفارمر فعال کردیا جبکہ ملک میں ہیٹ ویو کی وارننگ موجود ہے مگر پھر بھی ہمارے محنت کشوں نے عوام کی تکلیف کو مدِ نظر رکھا اور سسٹم کو فعال کیا، عبداللطیف نظامانی نے ملازمین کو نہ صرف سراہا بلکہ انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سی ای او حیسکو سے مطالبہ کیا کہ ان کے انعام کی رقم بڑھائی جائے ، گرم موسم ، عید کے ادوار میں جس طرح ہمارے ملازمین نے نہ دن دیکھا نہ رات اور سسٹم کی بحالی میں مصروف عمل رہے اس پر ان کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔

متعلقہ عنوان :