میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے تمام عارضی ملازمین / ڈیلی ویجز سینٹری ورکرز کو فوری مستقل کیا جائے،مزدور تنظیموں و راہنمائوں کا مطالبہ

پیر 16 مئی 2022 22:24

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2022ء) مختلف اداروں کی نمائندہ تنظیموں اور مزدور راہنمائوں نے مطالبہ کیا ہے کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے تمام عارضی ملازمین / ڈیلی ویجز سینٹری ورکرز کو فوری طور پرمستقل کیا جائے ورنہ تمام اداروں کی تنظیمیںبلدیہ ملازمین کی احتجاجی تحریک میں شامل ہو جائیں گی اس امر کا اعلان گذشتہ روز میونسپل لیبر یونین (سی بی ای) کے سرپرست اعلیٰ اور پیپلز لیبر بیورو راولپنڈی سٹی کے صدر راجہ عبدالمجید کی صدارت میں منعقدہ ملحقہ مزدور تنظیموں کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس کے مہمان خصوصی پیپلز لیبر بیورو سنٹرل پنجاب کے صوبائی صدر سید نذر حسین شاہ تھے جبکہ آل پاکستان لوکل گورنمنٹ فیڈریشن کے چیئرمین غلام محمد ناز، پرویز چیدا، یونائیٹڈ سٹاف آرگنائزیشن سی بی اے،ریڈیو پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری محمد اعجاز، پیپلز یونٹی آف پی آئی اے ایمپلائز کے جنرل سیکرٹری سہیل مختار، ریلوے لیبر یونین کے نائب صدر راجہ عمران، آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے راہنما سجاد حسین ساجد، ایچ بی ایف سی ورکمین یونین (سی بی ای) پاکستان کے صدر راجہ پرویز اختر، آل پاکستان پروگریسیو لیبر یونین (سی بی ای) اسٹیٹ بینک کے صدر محمد افضل خٹک، پاک پی ڈبلیو ڈی اتحاد یونین کے جنرل سیکرٹری سید ذیشان شاہ، مری بروری ورکرز یونین (سی بی ای) کے جنرل سیکرٹری سید واصف حسین شاہ، سی ڈی اے ایمپلائز یونین (پاشا گروپ) کے جنرل سیکرٹری عزت کمال پاشا، یوٹیلٹی سٹور ز یونین کے راہنما سید عار ف حسین شاہ، او جی ڈی سی ایل اتحاد یونین کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری انصر ایوب وڑائچ، پوسٹل یونین کے راہنما معظم علی زاہد، ایمپلائز یونٹی آف سول ایوی ایشن کے صدر راجہ آصف ، شیخ خالد محمود اور پی ٹی یو ڈی سی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر چنگیز ملک سمیت دیگر مزدور راہنمائوں اور مختلف ٹریڈ یونینز کے نمائندگان نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے میٹروپولیٹن کارپوریشن راولپنڈی کے ملازمین اور ڈیلی ویجز سینٹری ورکرز کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کی گئی اور اس امر کا اظہار کیا گیا کہ میونسپل لیبر یونین کی اعلان کردہ ڈیڈ لائن کے مطابق بلدیہ میں کئی سالوں سے بطور عارضی ملازم کام کرنے والے تمام سینٹری ورکرز کو مستقل نہ کیا گیا تو دیگرمزدور تنظیمیںبھی ان کی احتجاجی تحریک میں شامل ہو جائیں گی اور بھرپور احتجاج کیا جائے گا پیپلز لیبر بیورو سنٹرل پنجاب کے صدر سید نذر حسین شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو غریب ملازمین کے حقوق سلب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ کسی بھی مزدور اور محنت کش کا مسئلہ ہمارا مشترکہ مسئلہ ہے تمام مزدور تنظیمیں بلدیہ اعلیٰ کے ملازمین کی ہر تحریک میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی