سی پیک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کسی طرح قابلِ قبول نہیں

ملک میں مقیم چینی شہریوں کی سیکیورٹی کو یقنی بنایا جائے،وزیراعظم شہباز شریف کی ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 17 مئی 2022 10:49

سی پیک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کسی طرح قابلِ قبول نہیں
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 مئی 2022ء ) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت چینی شہریوں کی سیکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزارت داخلہ، سیکیورٹی حکام، چیف سیکریٹریز اور سی پیک اتھارٹی کے حکام شریک ہوئے۔اجلاس میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی سے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے بھی فوری اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کسی طرح قابلِ قبول نہیں، ملک میں مقیم چینی شہریوں کی سیکیورٹی کو یقنی بنایا جائے۔خیال رہے کہ کراچی یونیورسٹی میں چینی انسٹیٹیوٹ کے اساتذہ کی وین پر خود کش حملے کے افسوس ناک واقعے کے بعد نا صرف کراچی بلکہ ملک بھر میں کنفیوشس سینٹرز کو بند کر دیا گیا ہے ، جس کے بعد تمام کنفیوشس سینٹرز کے اساتذہ اپنے وطن واپس روانہ ہو چکے ہیں تاہم چائنیز انسٹیٹیوٹس کے مستقبل کے حوالے سے تاحال کوئی بھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ کراچی یونیورسٹی میں ہونے والے دھماکے میں دھماکے سے 4 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے تھے ، یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب جامعہ کراچی میں چینی زبان کی تعلیم دینے والے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے گیٹ پر خاتون بمبار نے عین اس وقت خود کو دھماکے سے اڑا یا جب چینی اساتذہ کی وین اندر داخل ہونے والی تھی ، دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز دور تک سنائی دی گئی ، دھماکے کی وجہ سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور دھماکے سے 4 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی رینجرز، پولیس، فائر بریگیڈ اور دیگر امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

جب کہ خود کش حملہ کرنے والی خاتون کے شوہر کو حراست میں لے لیا گیا تھا ، دہشت گرد خاتون خاندان کے ساتھ گزشتہ چھ ماہ سے کراچی میں مقیم تھی ، خاتون کئی ہفتے گلستان جوہر اور آخری ہفتہ نجی ہوٹل میں مقیم رہی ، خود کش بمبار خاتون کے شوہر کی شناحت حبیتان بشیر کے نام سے ہوئی ، سکیورٹی اداروں کی جانب سے خاتون کو لانے والے رکشہ ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا گیا تھا ، خاتون دہشتگرد مسکن چورنگی سے رکشے میں سوار ہوکر کراچی یونیورسٹی پہنچی تھی۔