Live Updates

لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ عاصم کو عمران خان کا سکیورٹی انچارج تعینات کردیا گیا

لیفٹیننٹ کرنل ر عاصم ایس ایس جی کمانڈو رہے ہیں‘ جن کو سکیورٹی انچارج کی ذمہ داری پی ٹی آئی کی جانب سے سونپی گئی ہے

Sajid Ali ساجد علی منگل 17 مئی 2022 10:59

لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ عاصم کو عمران خان کا سکیورٹی انچارج تعینات کردیا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 مئی 2022ء ) لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ عاصم کو عمران خان کا سکیورٹی انچارج تعینات کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سابق ایس ایس جی کمانڈو لیفٹیننٹ کرنل ر عاصم کو عمران خان کے سکیورٹی انچارج کے طور پر تعینات کیا گیا ہے ، پاکستان تحریک انصاف نے لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ عاصم کو سکیورٹی انچارج کی ذمہ داری سونپی ہے ، لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ عاصم ایس ایس جی کمانڈو رہے ہیں ۔

اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں بتایا کہ لیفٹیننٹ کرنل ر عاصم میری ٹیم کا باقاعدہ حصہ بن کر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا شروع کریں گے ، امید ہے توقعات پر پورا اترنے کے لیے کرنل ریٹائرڈ عاصم لگن سے کام کریں گے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو فراہم کی گئی سکیورٹی کی تفصیلات سامنے آگئیں ، سابق وزیر اعظم عمران خان کے بنی گالہ ہاؤس کی سکیورٹی کے لیے پولیس اور ایف سی کے 94 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں ، اسلام آباد پولیس کے 22 اور ایف سی کے 72 اہلکار تعینات ہیں جب کہ خیبرپختونخوا پولیس کے 36 اورگلگت بلتستان کے 6 اہلکاربھی چیئرمین تحریک انصاف کی سکیورٹی کے لیے تعینات کیے گئے ہیں ، ایس ایم ایس سکیورٹی کے 26 اور عسکری سکیورٹی کے 9 اہلکار بھی بنی گالا ہاؤس کی سیکیورٹی پر مامور ہیں جب کہ آمد و رفت کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ اسلام آباد پولیس کی 4 گاڑیاں اور 23 اہلکار ، رینجرز کی گاڑی اور 5 اہلکار ہوں گے ۔

بتاتے چلیں کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو فُول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی ، اس حوالے سے وزارتِ داخلہ کی جانب سے وزیر اعظم کو عمران خان کی سکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ، جس کے بعد وزیر اعظم نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو عمران خان کو ہر حوالے سے بہترین سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات