Live Updates

نام نہاد تجربہ کارملک چلانے میں بری طرح ناکام ہو گئے ،ہاتھ کھڑے کر دئیے ‘ مسرت جمشید چیمہ

امپورٹڈ حکومت پاکستان کو اپنی ضد اور اناء کی بھینٹ چڑھانے کی بجائے فوری عام انتخابات کا اعلان کرے

منگل 17 مئی 2022 12:48

نام نہاد تجربہ کارملک چلانے میں بری طرح ناکام ہو گئے ،ہاتھ کھڑے کر دئیے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2022ء) تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ نام نہاد تجربہ کارملک چلانے میں بری طرح ناکام ہو گئے ہیں اور انہوں نے ہاتھ کھڑے کر دئیے ہیں ، گیارہ جماعتوں کے اتحاد پر مشتمل حکومت کی ایک ماہ میں ہی سانسیں پھول گئی ہیں اور انہیں کچھ سمجھ نہیں آرہا ، امپورٹڈ حکومت پاکستان کو اپنی ضد اور اناء کی بھینٹ چڑھانے کی بجائے فوری عام انتخابات کا اعلان کرے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این ای129میں آزادی مارچ کے سلسلہ میں ڈور ٹو ڈور مہم اور این ای123میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ شوباز شریف تو بہترین ایڈ منسٹریٹر ہونے کے دعویدار ہیں لیکن آج پیٹرولیم کی قیمتوں میں رد و بدل کے فیصلے کیلئے بھی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کی باتیں کی جارہی ہیں ، آپ پیٹرولیم کی قیمتوں کا بوجھ بھی اداروں پر ڈالنا چاہتے ہیں ، قوم سوال کرتی ہے آپ کی تجربہ کاری اب کہاں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی ایک ٹکے کی کارکردگی نہیں ہوتی لیکن جعلی اعدادوشمار پر مبنی اشتہارات دینا شروع کر دیتے ہیں ، آپ نے ایک ماہ میں کونسی دودھ اور شہد کی نہریں بہا دی ہیں جو آپ اپنی کارکردگی کی ستائش کے لئے اشتہارات جاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم عمران خان کی کال پر لبیک کہنے کیلئے بیتاب ہے اور جب اسلام آباد کی طرف مارچ کی کال دی جائے تو عوام کا سمندر امپورٹڈ حکمرانوں کو ان کے ایوانوں سمیت بہا لے جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات