سی ٹی ڈی نے انار کلی بم دھماکے کے مرکزی ملزم سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا

دھماکا خیز مواد برآمد،قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹرین کی بوگی کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا کھا تھا

منگل 17 مئی 2022 16:49

سی ٹی ڈی نے انار کلی بم دھماکے کے مرکزی ملزم سمیت دو ملزمان کو گرفتار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2022ء) کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے انار کلی بم دھماکے کے مرکزی ملزم سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دونوں دہشتگردوں کو لاہور سے گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشتگردوں میں ثنا اللہ اور عبدالرازق شامل ہیں، دہشتگردوں سے دھماکا خیز مواد ، ڈیٹونیٹر، بیٹریاں اور ریموٹ کنٹرول برآمد ہوئے ہیں، ضبط سامان لاہور میں دو مختلف بم دھماکوں میں استعمال کیا جانا تھا۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق دہشتگردوں کے بارے میں خفیہ اطلاع ملی تھی کہ وہ اپنی مذموم کارروائیوں کے لئے لاہور پہنچ رہے ہیں جس پر کامیاب کارروائی کے دوران ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی، دہشتگردوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹرین کی بوگی کو نشانہ بنایاجاناتھا۔سی ٹی ڈی ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان نے اسلام آباد اور ملتان میں بھی دھماکوں کا انکشاف کیا ہے، مزید تفتیش کیلئے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔رواں سال جنوری میں لاہور کے مشہور انارکلی بازار میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ 33زخمی ہوئے تھے۔