Live Updates

مقبوضہ جموں وکشمیرمیں 21مئی کو شہید رہنمائوں کے یوم شہادت پرمکمل ہڑتال کی جائے گی

تمام سیاسی جماعتوں کا اسمبلی حلقوں کی غیرقانونی حدبندی کے خلاف جموں میں احتجاجی دھرنا

منگل 17 مئی 2022 23:17

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2022ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے حریت پسندکشمیر ی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ممتاز آزادی پسند رہنمائوں میر واعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کے یوم شہادت پر21مئی بروز ہفتہ مکمل ہڑتال کریں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کا مقصدمقبوضہ جموں وکشمیراور بھارت کی مختلف جیلوں میںبند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی غیر قانونی نظربندی کے خلاف احتجاج اور تحریک آزادی میں ان کی ثابت قدمی اور عزم کو خراج تحسین پیش کرنابھی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے آج سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اس دن مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔

(جاری ہے)

حریت قیادت نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ہفتہ شہداء منانے کے لئے پابندیاں توڑ کر شہید رہنمائوں کے لیے اجتماعی سطح پر پروگراموں، ریلیوں اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کریں۔

جمعرات کو میرواعظ منزل راجوری کدل میںمیرواعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کے لیے قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا۔ تمام کشمیری شہدا ء کے ایصال ثواب کے لیی21مئی کو لوگ عید گاہ سرینگرمیں مزار شہدا ء پر فاتحہ خوانی کریں گے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے ائمہ مساجد اور خطیبوں پر زوردیاہے کہ وہ مساجد میں پانچ وقت کی نمازوں میں شہداء کے لئے دعا کریں۔

میر واعظ مولوی محمد فاروق کو نامعلوم مسلح افراد نے 21مئی 1990ء کو سرینگر میں ان کی رہائش گاہ پر گولی مار کر شہید کر دیا تھا۔ اسی روز سرینگر کے علاقے حول میں ان کے جنازے کے جلوس پر بھارتی فوجیوں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے 70 سوگواروں کو شہید کر دیا تھا۔بارہ سال بعد خواجہ عبدالغنی لون کو نامعلوم حملہ آوروں نے 21مئی 2002کو اس وقت شہید کر دیا تھاجب وہ سرینگر میں مزار شہدا پر ایک اجتماع سے خطاب کر کے واپس آ رہے تھے۔

دریں اثناء مودی حکومت کے قائم کردہ حد بندی کمیشن کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے اسمبلی حلقوں کی غیرقانونی حدبندی کے خلاف جموں میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہراحتجاجی دھرنا دیا گیا۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے سوا تقریبا تمام علاقائی سیاسی جماعتوں نے آل پارٹیز یونائیٹڈ مورچہ کے بینر تلے احتجاج میں حصہ لیا۔ اس موقع پر مقررین نے کمیشن کی طرف سے پیش کی گئی سفارشات کو واپس لینے، جموں و کشمیر کی حیثیت کو اگست 2019سے پہلے کی پوزیشن پر بحال کرنے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جمہوری عمل کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔

بھارتی پولیس نے آج ضلع بڈگام کے علاقے چاند پورہ سے دو کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیرشاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں ایک بیان میںافسوس کا اظہار کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجی ہرروز معصوم شہریوں کو اغوا، گرفتار اور قتل کررہے ہیں۔
Live عید الفطر سے متعلق تازہ ترین معلومات