خاتون ٹک ٹاکر کو مارگلہ ہلز پر آگ لگا کر ویڈیو بنانے کی حرکت مہنگی پڑگئی

ڈولی نامی ٹک ٹاکر کے خلاف تھانہ کوہسار میں سی ڈی اے کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 18 مئی 2022 11:23

خاتون ٹک ٹاکر کو مارگلہ ہلز پر آگ لگا کر ویڈیو بنانے کی حرکت مہنگی پڑگئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 مئی 2022ء ) خاتون ٹک ٹاکر کو مارگلہ ہلز پر آگ لگا کر ویڈیو بنانے کی حرکت مہنگی پڑگئی ، ڈولی نامی ٹک ٹاکر کے خلاف تھانہ کوہسار میں سی ڈی اے کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق مارگلہ ہلز پر آگ کے لگا کر ویڈیو بنانے والی خاتون ٹک ٹاکر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ، مقدمہ تھانہ کوہسار میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعبہ ماحولیات سی ڈی اے کی مدعیت میں درج کیا گیا ۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ڈولی نامی ٹک ٹاکر کی ویڈیو گردش کررہی ہے ، جس میں خاتون جنگل میں آگ لگا کر ویڈیو شوٹ کروارہی ہے ، مبینہ طور پر مارگلہ ہلز نیشنل پارک کا علاقہ ہے جہاں آتشزدگی کے متعدد واقعات ہوئے اور آگ سے چرند پرند پودوں اور درختوں وسیع پیمانے پر نقصان پہنچا ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز انکشاف ہوا تھا کہ مارگلہ کے جنگلات میں آگ لگانے میں ٹک ٹاکرز کا ہاتھ ہے ، اس حوالے سے 2 نوجوانوں کی ویڈیو سامنے آئی جس میں ٹک ٹاکرز کو لائیٹر سے آگ لگاتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ ایک اور ویڈیو میں معروف خاتون ٹک ٹاکر بھی مارگلہ پہاڑیوں پر آگ کے دوران ٹک ٹاک بناتی نظر آ رہی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ویڈیوز سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے سخت ردِعمل کا مظاہرہ کیا گیا اور متعلقہ حکام سے مذکورہ ٹک ٹاکرز کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی گئی ، صارفین نے ٹک ٹاکرز کو سزا دینے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔
اس سے قبل ایبٹ آباد میں محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف ایبٹ آباد ریجن نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی خاطر جنگل کو آگ لگانے والے نوجوان کو گرفتار کیا تھا ، اس حوالے سے بتایا گیا کہ ایبٹ آباد میں نوجوان نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی خاطر جنگل کو ہی آگ لگا دی ، نوجوان قیمتی درخت کو آگ لگا کر ویڈیو بناتا رہا۔

 

اور جب مذکورہ ویڈیو منظر عام پر آئی تو محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف حرکت میں آیا اور کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد انتظامیہ نے نوجوان کو گرفتار کر لیا ، محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف کے حکام کے مطابق ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کے لیے مقدمہ درج کر لیا گیا ، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے نوجوان کی اس حرکت پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔