اوپن یونیورسٹی کے ایم اے/ایم ایس سی کے داخلے15جون تک جاری رہیں گے

بدھ 18 مئی 2022 11:43

اوپن یونیورسٹی کے ایم اے/ایم ایس سی کے داخلے15جون تک جاری رہیں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2022ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر بہار 2022میں پیش کئے گئے ایم اے/ایم ایس سی پروگراموں کے داخلے لیٹ فیس چارجز کے ساتھ 15جون تک جاری رہیں گے ۔ اوپن یونیورسٹی میں ایم اے/ایم ایس سی پروگرامز آخری بار پیش کئے گئے ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملک بھر کی تمام جامعات کو دو سالہ ایم اے /ایم ایس سی پروگرامز کی پیشکش کرنے کے لئے جون 2022تک کا وقت دیا تھا جو ختم ہونے والاہے۔

ایچ ای سی پالیسی کے تحت آئندہ سمسٹر سے یونیورسٹی اِن پروگراموں میں داخلے آفر نہیں کرے گی۔اس لئے ماسٹرز پروگرام میں داخلے کے خواہشمند طلبا و طالبات اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔اِن پروگراموں میں داخلے کی آخری تاریخ 18۔اپریل مقرر کی گئی تھی،یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے طلبہ کو ایک اور موقع فراہم کرتے ہوئے 2سالہ ماسٹرز پروگراموں کے داخلوں کی تاریخ میں 15جون تک توسیع کی ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں سمسٹر خزاں 2021کے میٹرک اور ایف اے پروگراموں کے نتائج کا اعلان جلد کیا جائے گا۔واضح رہے کہ چند غیر متعلقہ افراد یونیورسٹی کے نام سے سوشل میڈیا پر یونیورسٹی کے نتائج کے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلارہے ہیں جس سے یونیورسٹی کے طلبہ گمراہ ہورہے ہیں۔یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز نے طلبہ کو داخلوں، امتحانات اور نتائج سے متعلق باخبر رکھنے کے لئے فیس بک پر "Life at AIOU"، "AIOU-Directorate of Public Relations" اور فیس بک سے تصدیق شدہ "علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی" کے نام سے پیجز بنائے ہوئے ہیں جس پر روزانہ کی بنیاد پر یونیورسٹی کی خبریں شئیر کی جاتی ہیں۔طلباوطالبات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یونیورسٹی کے آفیشل پیجزکا وزٹ کریں۔