میرے والد کا چھینا حق واپس مل گیا ہے، جمال مبارک

یورپی یونین کی جنرل کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد مبارک خاندان کی دہائیوں پر محیط قانونی جنگ ختم ہو گئی،بیان

بدھ 18 مئی 2022 12:01

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2022ء) 2011میں عوامی احتجاج کے بعد اقتدار سے رخصت ہونے والے سابق مصری صدرحسنی مبارک کے بیٹے جمال مبارک کی پہلی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ اس میں انہوں نے مبارک خاندان کی دولت پر یورپی عدالتوں کے ساتھ اپنے خاندان کی قانونی جنگ کی تفصیلات کا انکشاف کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق جمال مبارک نے ایک پریس بیان میں جسے ویڈیو کے ذریعے پڑھا گیا میں کہا کہ یورپی یونین کی جنرل کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد مبارک خاندان کی دہائیوں پر محیط قانونی جنگ ختم ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

کونسل نے تسلیم کیا ہے کہ مبارک خاندان کے اثاثوں پر پابندیاں شروع سے غیرقانونی تھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سوئس فیڈرل پراسیکیوٹر آفس کی جانب سے علا اور جمال مبارک کو مکمل طور پر بری کرنے کے فیصلے کے بعد 11 سال تک جاری رہنے والی مجرمانہ تحقیقات کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ سب پر واضح ہو گیا ہیکہ خاندان کے حقوق کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے خاندان نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم مسلسل ہتک آمیز رپورٹس کے سامنے مزید خاموش نہیں رہ سکتے اور اب وقت آگیا ہے کہ خاندان براہ راست جواب دے۔انہوں نے وضاحت کی کہ دس سال سے زائد عرصے تک جاری رہنے والے اقدامات اب ختم ہو چکے ہیں۔ ہمیں مکمل طور پر بری کر دیا گیا ہے۔