کراچی، 15 سالہ لڑکی کو ساتھ لے جانے والا دوست گرفتار

ملزم لڑکی کو شادی کے بہانے اپنے ساتھ لے گیا تھا، لڑکی کے انکشاف پر ملزم کو گرفتار کیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 18 مئی 2022 12:05

کراچی،  15 سالہ لڑکی کو ساتھ لے جانے والا دوست گرفتار
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار18مئی 2022ء) کراچی کے علاقے پنجاب کالونی کی 15 سالہ لڑکی کو ساتھ لے جانے والے اس کے دوست کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزم لڑکی کو شادی کے بہانے اپنے ساتھ لے گیا تھا، لڑکی کے انکشاف پر ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ کچھ روز قبل کراچی کے علاقے صدر میں ہوئے دھماکے کے بعد یہ خبر سامنے آئی تھی کہ دہشت گردی کے واقعے کے بعد وہاں سے ایک لڑکی پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئی۔

اس سے قبل صدر دھماکے میں اغوا ہونے والی لڑکی کا بھی اپنی مرضی سے دوست کے ساتھ جانے کا انکشاف سامنے آیا۔کراچی میں ڈسٹرکٹ سٹی میں بازیاب ہونے والی لڑکی سویرا کو مبینہ طور پر ساتھ لیجانے والا ملزم گرفتارکرلیا گیا۔ایس ایس پی سٹی شبیر احمد سیٹھار نے بتایا کہ گرفتار ملزم بازیاب یافتہ لڑکی سویرا کا دوست ہے، لڑکی اپنی مرضی سے ملزم کے ساتھ گئی تھی۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی سٹی نے بتایا کہ ملزم لڑکی کو شادی کے بہانے اپنے ساتھ بھگا کر لے گیا تھا، لڑکی کے انکشاف پر نبی بخش پولیس نے ٹیکنیکل/انٹیلیجنس بیسڈ کاروائی کرکے لڑکے کو گرفتار کیا۔شبیرسیٹھار نے کہا کہ ملزم کا نام راج محمد ہی, مزید تفتیش کیلئے ملزم اور بازیاب لڑکی کو پریڈی تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ گذشتہ ہفتے صدر دھماکے میں مبینہ طورپر لاپتہ لڑکی بازیاب ہوئی تھی ، نبی بخش پولیس نے لڑکی کوبازیاب کرایا۔

ایس ایس پی نے کہا کہ ابتدائی بیان میں پتہ چلا لڑکی اغوا نہیں ہوئی، مزید تفتیش جاری ہے، لڑکی کا بیان ریکارڈ کرانے کے بعد والدین کے حوالے کردیا گیا۔ مبینہ طور پر اغوا ہو جانے والی لڑکی پولیس کے شکایتی مرکز پہنچی تھی، جس کے بعد لڑکی کو پولیس نے والدین کے حوالے کر دیا۔یاد رہے چندروزقبل صدر دھماکے میں15 سالہ سویرالاپتہ ہوگئی تھی ، جس کے بعد بھائی نے لڑکی کے اغواکامقدمہ تھانہ پریڈی میں درج کرایا تھا۔