بابر اعظم غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک بلے باز ہیں : ڈیرن گف

بابر تینوں فارمیٹس میں بہترین انداز میں اننگز کو آگے بڑھاتے ہیں، دنیا کے بہترین بیٹرز کا ذکر ہو تو ولیمسن، کوہلی، روٹ اور بابر کے نام ذہن میں آتے ہیں، ٹاپ پوزیشن کیلئے انہی چاروں میں مقابلہ ہے: سابق برطانوی پیسر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 18 مئی 2022 12:57

بابر اعظم غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک بلے باز ہیں : ڈیرن گف
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 مئی 2022ء ) سابق برطانوی ٹیسٹ فاسٹ باولر ڈیرن گف نے پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو بھی ایک لاجواب ٹیلنٹ قرار دیا اور کہا کہ وہ اور دوسرے بلے باز تمام فارمیٹس میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ ویب سائٹ ’کرکٹ پاکستان‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے 51 سالہ ڈیرن گف کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ایک لاجواب ٹیلنٹڈ بلے باز ہیں، جس طرح وہ تمام فارمیٹس میں اپنی اننگز بناتے ہیں وہ شاندار ہے، اس سال پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے لیے ان کی فارم اچھی نہیں رہی ہے لیکن وہ بہترین بلے باز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کی بات کرتے ہیں تو آپ کین ولیمسن، ویرات کوہلی، جو روٹ اور بابر اعظم کو دیکھیں گے اور یہ وہ چار بلے باز ہیں جو دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں اور وہ سب نمبر ایک پوزیشن حاصل کرنے کے لیے لڑ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈیرن گف نے کہا کہ میری پی ایس ایل میں شرکت یا کمنٹری سمیت پاکستان آنے والے کئی افراد سے بات ہوئی، سب کا کہنا ہے کہ ان کا یہاں شاندار وقت گزرا، مجھے یقین ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم بھی پاکستان آ کر اپنے ٹور سے لطف اندوز ہوگی، دونوں ٹیموں میں کانٹے دار مقابلوں کی توقع ہے۔