کراچی آرٹیفشل جیولری مارکیٹ میں کسٹم انٹیلیجنس کا چھاپا، کروڑوں کا سامان ضبط

کسٹمز کے چھاپے کے خلاف دکان داروں کی جانب سے ٹرکوں کے آگے لیٹ کر احتجاج کیاگیا

بدھ 18 مئی 2022 14:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2022ء) ڈینسو ہال کے قریب آرٹیفشل جیولری مارکیٹ میں کسٹم حکام نے چھاپا مار کر کروڑں روپے مالیت کا سامان ضبط کر لیاہے۔تفصیلات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب کراچی کے تجارتی مرکز ڈینسو ہال آرٹفیشل جیولری مارکیٹ میں کسٹم انٹلیجنس نے چھاپا مار کر کروڑں روپے مالیت کا سامان ضبط کر لیا۔

تاجروں نے کسٹم کے چھاپے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا، کسٹم حکام سے تلخ کلامی اور تاجروں کی مزاحمت کی وجہ سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔کسٹم اہل کاروں نے رات گئے ڈینسو ہال آرٹفیشل جیولری مارکیٹ کا محاصرہ کیا، کئی دوکانوں اور گوداموں سے متعدد ٹرک بھر کر قیمتی سامان ضبط کر لیا، تاجروں نے الزام لگایا ہے کہ رشوت نہ دینے پر ان کے قانونی مال کو ضبط کرنے کے لیے غیر قانونی چھاپا مارا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی عدالتی حکم پر کی گئی ہے، اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔کسٹمز کے چھاپے کے خلاف دکان داروں نے ٹرکوں کے آگے لیٹ کر احتجاج کیا۔ دکان داروں نے کہا ہم نے اپنا سامان امپورٹ کیا ہے، جس کے تمام تر دستاویزات ہمارے پاس موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پہلے دکانوں پر چھاپے مارے جاتے تھے، اب ویئر ہائوسز کو بھی نہیں چھوڑا جا رہا۔

کسٹم حکام کے چھاپے کے دوران کچھ دیر کے لیے صورت حال کشیدہ ہوگئی، تاہم بعد ازاں کسٹم حکام مختلف ویئر ہائوسز سے سامان ضبط کر کے واپس چلے گئے۔کسٹم حکام نے کہاکہ تاجروں کی طرف سے کچھ سامان کے دستاویزات دکھائے گئے لیکن کچھ سامان کے کاغذات وہ پیش کرنے سے قاصر رہے، جس پر وہی سامان ضبط کیا گیا، اگر اس کے کاغذات بھی پیش کر دیے گئے تو دکان داروں کو ان کا سامان واپس کر دیا جائے گا۔کسٹم انٹیلی جنس افسر نے کہا کہ اعلی افسران کی ہدایت اور جوڈیشل مجسٹریٹ کے نوٹس پر چھاپا مارا گیا۔ تاجروں کے پاس مکمل دستاویزات نہیں ہیں۔چیئرمین بولٹن مارکیٹ تاجر اتحاد نے کہا کہ وہ مال چین سے منگواتے ہیں جس کے تمام کاغذات موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :