شہری عبدالحمید کی کراچی سے گمشدگی سے متعلق درخواست پراہلخانہ کو کال کرنے والے وڈیرے کو پیش کرنے کا حکم

بدھ 18 مئی 2022 16:09

شہری عبدالحمید کی کراچی سے گمشدگی سے متعلق درخواست پراہلخانہ کو کال ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2022ء) سندھ ہائی کورٹ نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شہری عبدالحمید کی کراچی سے گمشدگی سے متعلق درخواست پر لاپتا شہری کے اہلخانہ کو فون کال کرنے والے وڈیرے کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔سندھ ہائیکورٹ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شہری عبدالحمید کی کراچی سے گمشدگی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

لاپتا شہری کی بیٹی نے بیان دیا کہ میرے والد کو کراچی سے اٹھایا گیا۔ عبدالحمید کو کچھ عرصہ قبل تھانہ ائیرپورٹ کی حدود سے اٹھایا گیا۔ہمیں تیسرے درجے کا شہری سمجھا جاتا ہے۔ لوگ کال کرکے خود کو میجر اور ایجنسیوں کا آدمی بتاتے ہیں۔ کہا جاتا ہے تم لوگ خاموش رہو، والد واپس آجائے گا۔ ہمیں کچھ نہیں پتہ بس والد کو بازیاب کرایا جائے۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسر نے کہا کہ بتایا گیا ہے کہ عبدالحمید کو سی ٹی ڈی بلوچستان لے گئی ہے۔

جن نمبرز سے کال موصول ہوتی ہے ان میں سے ایک لڑکی کے تایا ہیں۔ کال کرنے والا ایک بندہ خود کو میجر رحیم کہتا ہے مگر وہ میجر ہے نہیں۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے جو جو بھی گمشدہ شہری کے اہلخانہ کو کال کرتے ہیں انہیں عدالت لے آ۔مبینہ میجر رحیم، سرور اور لڑکی کے تایا کو آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔ عدالت نے لاپتا شہری کے اہلخانہ کو فون کال کرنے والے وڈیرے اور مبینہ میجر رحیم کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔