سرگودھا،جائیداد کے تنازعہ پر فائرنگ سے جاںبحق تینوں مقتولین کو سپردخاک کر دیا گیا

بدھ 18 مئی 2022 17:05

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2022ء) جائیداد کے تنازعہ پر فائرنگ سے جاںبحق تینوں مقتولین کو سپردخاک کر دیا گیا جبکہ پولیس وقوعہ پر میاں بیوی اور بیٹے کے خلاف مقدمہ قتل اور اقدام قتل درج کر کے مصروف تفتیش ہے۔زرائع کے مطابق سرگودھا ریجن کے علاقہ جوھرآباد اوکھلی موہلہ کے فتح خان کی شادی مندیال فیملی میں ہوئی اور بیوی کے حصہ کی اراضی کے معاملہ پر فریقین میں تنازعہ چل نکلا تو گزشتہ رات متنازعہ رقبہ پر حد برداری پر نشان لگانے پر فریقین میں لڑائی ہو گئی اور صبح سویرے مندیال ٹاون میں ایک گروپ کے افراد نشاندہی کے نشان دیکھنے آئے تو مسلح افراد اسحق وغیرہ نے فائرنگ کر کے مخالفین کے تین افراد محمدعدنان،محمد حسنین ساکن بولہ اور محمد دانش سکنہ ھڈالی کو قتل اور محمد عبیدکوشدید زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

پولیس تھانہ جوہرآبادنے مقتولین کی نعشیں اور زخمی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر کے مقتولین کی نعشیں ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے سپرد کر دیں اور تھانہ سٹی پولیس نے محمد افضل مندیال کی مدعیت میں فتح خان اس کی بیوی مریم خاتون اور بیٹے اسحاق کے خلاف قتل و اقدام قتل کی دفعات 302/324/34 ت پ مقدمہ درج کر لیا اور جائے واردات سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں مصروف تفتیش ہے۔جبکہ مقتولین کو نماز جنازہ کے بعد آبائی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔