وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ سے چین کےمحکمہ خارجہ سلامتی امورکےقونصلر کی چینی ناظم الامور کے ہمراہ ملاقات

بدھ 18 مئی 2022 20:41

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ  سے چین کےمحکمہ خارجہ سلامتی امورکےقونصلر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2022ء) پاکستان اور چین نے چینی باشندوں کی سکیورٹی کیلئے روابط کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کراچی دہشت گردی جیسے واقعات سے پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات متاثرنہیں ہوں گے۔ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ سے چین کےمحکمہ خارجہ سلامتی امورکے قونصلر وینگ ڈیکشیوؤ نے چینی ناظم الامور کے ہمراہ بدھ کو یہاں ملاقات کی جس میں پاک ۔

چین دوطرفہ تعلقات سمیت ،باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت کی گئی۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں موجود چینی شہریوں کی سکیورٹی کویقینی بنانے کےحوالے سےاقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی دہشت گردی جیسے واقعات سے پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات متاثرنہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے وزارت داخلہ اور چینی سفارتخانے کے درمیان روابط مزید موثر بنانےپر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کراچی یونیورسٹی دہشت گردی واقعے میں چینی شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا۔ چینی قونصلر نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ جاری ترقیاتی منصوبوں میں مالی اورتکنیکی معاونت جاری رکھے گا، چینی قیادت پاکستان اور چین کےعوام کے درمیان تعلقات کوانتہائی قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے، شرپسندعناصر کی پاک چین تعلقات خراب کرنے کی کسی بھی سازش کو مل کر ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ کراچی یونیورسٹی دہشت گردی واقعہ کی تحقیقات جلدمکمل ہوں اور مجرمان اپنے انجام کو پہنچیں۔