اوپن یونیورسٹی نے امتحانی مشقیں جمع کرانے کے نئے طریقہ کار کی ہدایات جاری کردیں

جمعرات 19 مئی 2022 12:20

اوپن یونیورسٹی نے امتحانی مشقیں جمع کرانے کے نئے طریقہ کار کی ہدایات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2022ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر بہار 2022ء میں پیش کئے گئے ایسوسی ایٹ ڈگری، بی ایس، بی ایڈ، ایم ے، ایم ایس سی اور ایم ایڈ(او ڈی ایل موڈ) پروگراموں میں رجسٹرڈ طلبہ یونیورسٹی کی ویب سائٹ (www.aiou.edu.pk)پرلاگ اِن ہوکر اپنی مشقیں آن لائن جمع کرائیں گے جبکہ میٹرک، ایف اے اور بی اے(ایسوسی ایٹ ڈگری)پروگراموں میں داخل طلبہ اپنی اسائنمنٹس متعلقہ ٹیوٹرز کو پہلے سے رائج مینول طریقے سے ارسال کریں گے۔

اسائنمنٹس آن لائن جمع کرانے کے حوالے سے یونیورسٹی نے طلبہ کی آسانی کے لئے ہدایات اپنی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کردی ہیں۔اِن ہدایات کے مطابق ٹائپ کی گئی امتحانی مشقیں ورڈ یا پی ڈی ایف فارمیٹ میں ایل ایم ایس پر بروقت یا مقررہ تاریخ سے قبل اپ لوڈ کرنا ضروری ہیں۔

(جاری ہے)

ہاتھ سے تحریر شدہ یا سکین کی گئی امتحانی مشقیں قبول نہیں کی جائیں گی۔صرف اردو اور عربی مضامین کے طلبہ اپنی ہاتھ سے لکھی ہوئی مشقیں سکین کرکے اپنے ایل ایم ایس پورٹل پر اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔

طلبہ کو کتب، سٹڈی گائیڈ یا دیگر مطالعاتی مواد سے ہوبہونقل کرنے سے اجتناب کرنا ہوگا جبکہ تجزیاتی اور نظریاتی طرز تحریرکی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخوں تک اپنی اسائنمنٹس اپ لوڈ کریں اور ایل ایم ایس سسٹم پر اسائنمنٹس اپ لوڈ کرتے ہوئے اس بات کا خیال رکھیں کہ فائل سائز 5۔ایم بی سے زیادہ نہ ہو۔مقررہ تاریخ کے بعد /تاخیر کی صورت میں امتحانی مشقیں اپ لوڈ نہیں ہوسکیں گی جس کی تمام تر ذمہ داری طالب علم پر ہوگی۔

علاوہ ازیں یونیورسٹی نے تمام تعلیمی پروگراموں کی درسی کتب کی سافٹ کاپیز تیار کرکے اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرکے تمام متعلقہ طلباء کو ان کی فراہمی یقینی بنادی ہے۔ اسائنمنٹس لکھنے اور امتحانات کی تیار ی کے لئے طلبہ کو یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر موجود کتابوں سے استفادہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ طلبہ اپنی کتابیں ویب سائٹ (www.aiou.edu.pk)پر کتابوں والی آپشن سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔میٹرک، ایف اے اور بی اے(ایسوسی ایٹ ڈگری)پروگراموں کی کتابیں طلبہ کو بذریعہ ڈاک بھی ارسال کی جارہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :