شہریوں کے لئے خوشخبری، عبدالستار ایدھی اورینج لائن کے آغاز کا وقت قریب آگیا

روٹ پر آئی ٹی ایس سسٹم کی انسٹالیشن اور بس ڈرائیورز کی تربیت کے بعد جلد اورینج لائن کا آغاز کردیا جائے گا، شرجیل انعام میمن

جمعرات 19 مئی 2022 17:03

شہریوں کے لئے خوشخبری، عبدالستار ایدھی اورینج لائن کے آغاز کا وقت قریب ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2022ء) سندھ کے وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شہریوں کے لئے خوشخبری ہے کہ عبدالستار ایدھی اورینج لائن کے آغاز کا وقت قریب آگیاہے۔ عبدالستار ایدھی اورینج لائن کی 20 بسوں کی کھیپ گذشتہ رات کراچی بندرگاہ سے کلیئر ہوکر ڈیپو پہنچ گئی ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اورینج لائن روٹ کا سول انفراسٹرکچر کا کام 97 فی صد مکمل ہوگیا ہے ۔

روٹ پر آئی ٹی ایس سسٹم کی انسٹالیشن اور بس ڈرائیورز کی تربیت کے بعد جلد اورینج لائن کا آغاز کردیا جائے گا ۔اورینج لائن کوریڈور سے اورنگی بنارس اور نارتھ ناظم آباد اور آس پاس کے شہریوں کو محفوظ اور آرامدہ سفری سہولت میسر آجائے گی ۔ شرجیل میمن نے کہا کہ اورینج لائن بس کا 3.88 کلومیٹر کوریڈور ہے ، جوکہ ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن آفس(اورنگی ٹائون سے شروع ہو کر جناح یونیورسٹی برائے خواتین ناظم آباد پر ختم ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

کوریڈور کے چار جدید سہولیات سے آراستہ اسٹیشن تعمیر کئے گئے ہیں ۔ روزانہ 50 ہزار افراد کے سفر کرنے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ اورینج لائن کو گرین لائن سے منسلک کرنے کے لیے بھی احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی نے انٹیگریشن کی ڈیزائن پر کام کا آغاز کردیا ہے،دونوں بی آر ٹی کی انٹیگریشن کے بعد اورینج لائن بسیں ناگن چورنگی تک چلیں گی ۔