ملک میں زیادہ سے زیادہ آٹو انڈسٹری لگائی جائے،کار مینوفیکچررز کو پابند کیا جائے کہ وہ آٹو پارٹس پاکستان میں بنائیں، پیاف

جمعرات 19 مئی 2022 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2022ء) سینئر وائس چیئرمین پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسو سی ایشنز فرنٹ(پیاف ) ناصر حمید خان نے وائس چیئرمین پیاف جاوید اقبال صدیقی کے ہمراہ آٹو سیکٹر کے نمائندوں سے ملاقات میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں گاڑیوں کی طلب کو پوار کرنے کے لئے پاکستان کے مختلف شہروں میں آٹو پلانٹس لگائے جائیں تاکہ قیمتی زرمبادلہ بھی باہر نہ جائے اور روزگارمیں بھی اضافہ ہو۔

جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ آٹو انڈسٹریز لگائی جائیں جبکہ آٹو انڈسٹری کو آٹو پارٹس پاکستان میں تیار کرنے کا پابند کیا جائے تاکہ غیر ملکی زرمبادلہ بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی گاڑیاں خریدنے کی وجہ سے ہمارا زیادہ تر زرمبادلہ جاپان و دیگر ملکوں کے پاس چلا جاتا ہے جس سے تجارتی خسارہ بڑھ جاتا ہے لہٰذا مہنگی کاروں کی امپورٹ پر پابندی لگائی جائے اور اس ملکی یا غیر ملکی کمپنی کو مقامی طور پر انڈسٹری لگانے کی اجازت دی جائے جس کے پارٹس یہاں مقامی طور پر تیار ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تجارتی وآٹو پالیسی میں مقامی تیار کنندگان کو مراعات دی جائیں تا کہ آٹو پارٹس مقامی طور پر بن سکیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام سٹیک ہولڈرز سے اتفاق رائے کے بعد آٹو پالیسی مرتب کی جائے۔