کراچی میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے، ترجمان حکومت سندھ

جمعرات 19 مئی 2022 20:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2022ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی،مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹرمرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے، ترجمان سی ٹی ڈی سندھ کی رپورٹ کے مطابق صدر کے علاقے میں بم دھماکے میں ملوث کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد اس کارروائی میں ہلاک ہوگئے تھے جبکہ سی ٹی ڈی نے آپریشن کے دوران دو دہشت گردوں کو گرفتار کرکے دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔

جمعرات کو جاری کردہ اپنے بیان میںبیرسٹرمرتضی وہاب نے کہا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی سندھ (سی ٹی ڈی)کے تحت ہونے والایہ آپریشن اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ سندھ حکومت دہشت گردی کے خلاف اپنے عزم پر قائم ہے اور صوبے بھر میں کہیں بھی ہونے والی دہشت گردی کی مکمل اور فوری تحقیقات اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پولیس اور انٹیلی جنس اداروں سمیت سب کو مل کر کام کرنا ہے تاکہ شہر کو اس عفریت سے نجات دلائی جاسکے، شہریوں کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے حصے کا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر میں حالیہ دہشت گردی کے بعد ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کے احکامات پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جنہوں نے حکمت عملی مرتب کرکے دہشت گردوں کے خلاف جامع پلان ترتیب دیا اور جدید تکنیک اور انٹیلی جنس ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے کالعدم سندھ علیحدگی پسند تنظیم سندھ ریولوشنری آرمی(SRA) کے نیٹ ورک کو توڑا اور کراچی کے علاقے صدر میں ہونے والے بم دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کا سراغ لگایا اورپانچ سو کوارٹر روڈ، موچکو تھانہ کی حدود میں دہشت گردوں کے کمانڈر کی ہدایت پر دھماکہ خیز مواد اور دیگر آلات منتقل کرنے والے تین دہشت گردوں کو روکنے کی کوشش کی جس پر موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور ایک موقع سے فرار ہوگیا تھا،ہلاک ہونے والے دہشت گرد ضلع تھرپارکر سندھ کے رہائشی تھے جنہوں نے بم بنانے کی ٹریننگ ایران سے حاصل کی تھی اور سندھ کے مختلف اضلاع میں ریلوے ٹریک کو تباہ کرنے میں بھی ملوث تھے، بعدازاں جدید ٹیکنالوجی اور خفیہ اطلاعات کی روشنی میں کی گئی کارروائی کے نتیجے میں اس نیٹ ورک کے مزید دو دہشت گردگولہ بارود اور اسلحہ سمیت گرفتار کرلئے گئے جن سے مزید تفتیش جاری ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے اس امید کا اظہار کیا کہ شہر میں دہشت گردی کی موجودہ لہر پر قابو پانے کے لئے حکومتی سطح پر کئے جانے والے اقدامات کامیاب ثابت ہوں گے اور ان کے نتیجے میں شہریوں کے جان و مال کو تحفظ حاصل ہوگا۔