شہرقائد میں حالیہ دہشتگردی واقعات میں ملوث دہشتگردوں کیخلاف سی ٹی ڈی کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن

جمعرات 19 مئی 2022 22:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2022ء) شہر قائد میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی واقعات میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کائونٹرٹیررازم ڈپارٹمنٹ سندھ کا انٹلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم سندھ علیحدگی پسند تنظیم سندھ ریولوشنری آرمی SRA کے دو دہشت گرد ہلاک جبکہ دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا،گرفتار ملزمان سے دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ بھی برآمد ہوا،جبکہ کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، تفصیلات کے مطابق کراچی میں حالیہ دہشت گردی واقعات کے پیش نظر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی سندھ کے احکامات پر اسپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئیں جس کے تحت جدید ٹیکنیکی اور انٹلیجنس زرائع کو استعمال کرتے ہوئے کالعدم سندھ علیحدگی پسند تنظیم سندھ ریولوشنری آرمی SRA کے نیٹ ورک کو بریک کیا اور کراچی کے علاقے صدر میں ہونے والے دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کا سراغ لگاتے ہوئے گزشتہ روز کراچی کے علاقے پانچ سوکوارٹر روڈ، موچکو تھانے کی حدود میں SRA کمانڈر اصغر شاہ کی ہدایت پر دھماکہ خیز مواد اور دیگر آلات کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے غرض سے نکلنے والے تین دہشت گردوں کو موٹرسائیکل پر جاتے ہوئے پایا گیا جس پر انہیں روکنے کی کوشش کی تو موٹرسائیکل سوار ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک موٹرسائیکل سوار فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا،ہلاک دہشت گردوں کی شناخت اللہ ڈینو ولد نواب علی اور نواب علی ولد امیر علی کے ناموں سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ہلاک ملزمان کا تعلق کالعدم سندھ علیحدگی پسند تنظیم سندھ ریولوشنری آرمی SRA کے اصغر شاہ گروپ سے ہے جبکہ ہلاک دہشت گرد ضلع تھرپارکر سندھ کے رہائشی ہیں اور دہشت گردی کی کارروائیوں کے لئے فنڈز SRA کی طرف سے بزریعہ جیز کیش اکاؤنٹ سے مبلغ 178000 روپے وصول کئے تھے جو کہ کراچی اور سندھ کے دیگر اضلاع میں دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال کرتے تھے جبکہ ہلاک دہشت گرد اللہ ڈینو تھانہ بھٹ شاہ، ضلع حیدرآباد میں مقدمہ نمبر 131/2021 میں ملکی سالمیت کے خلاف مجرمانہ سازش میں بھی گرفتار ہوا تھا اور ضمانت پر تھا ہلاک دہشت گرد اللہ ڈینو بم بنانے میں ماہر تھا جس نے پڑوسی ملک ایران میں ٹریننگ حاصل کی تھی۔

ہلاک دہشت گرد سندھ کے مختلف اضلاع میں ریلوے ٹریک کو تباہ کرنے میں بھی ملوث تھا،دہشت گرد اللہ ڈینو کا رابطہ سندھ علیحدگی پسند تنظیم سندھ ریولوشنری آرمی SRA کے اصغر شاہ، عاقب چانڈیو اور نور چانڈیو سے تھا، اصغر شاہ اور اللہ ڈینو کے درمیان ہونے والی گفتگو کو جدید ٹیکنیک کے ذریعے ٹریک کیا گیا تھا جس کے بعد کامیاب کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ ہلاک دہشت گرد نواب علی، اللہ ڈینو کا سہولت کار اور مددگار تھا، فرار ہونے والے ملزم کی تلاش کا عمل جدید ٹیکنالوجی اور خفیہ اطلاعات کی روشنی میں جاری ہے اس سلسلے میں مختلف مقامات پر IBOs جاری تھے کہ اسی نیٹ ورک کے مزید دو دہشت گرد محمد صابر ولد آفتاب حسین اور ندیم علی مغیری ولد عبدالمجید مغیری کو گولا بارود اور اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے گرفتار ملزمان سے سنسنی خیز انکشافات متوقع ہیں