Live Updates

الیکشن کی تاریخ کے اعلان تک عوام کا سمندر اسلام آباد سے واپس نہیں جائیگا، عمران خان

جب تک ہمیں صاف و شفاف انتخابات کی تاریخ نہیں ملے گی اس وقت تک عوام کا سمندر اسلام آباد سے واپس نہیں جائیگا، سابق وزیر اعظم

جمعرات 19 مئی 2022 22:57

الیکشن کی تاریخ کے اعلان تک عوام کا سمندر اسلام آباد سے واپس نہیں جائیگا، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2022ء) سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک بار پھر ملک میں فوری انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ہمیں صاف و شفاف انتخابات کی تاریخ نہیں ملے گی اس وقت تک عوام کا سمندر اسلام آباد سے واپس نہیں جائیگا۔خیبر پختونخوا ہاؤس میں پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کا شکر کریں کہ اسلام آباد میں ہونے والے پی ٹی آئی کے مارچ کیلئے موسم اچھا ہو گیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اس حکومت کے خلاف ہونے والے ہمارے آزادی مارچ میں اتنے لوگ شرکت کریں گے جتنے لوگوں نے نہ صرف پاکستان کی تاریخ میں بلکہ بر صغیر کی تاریخ میں کبھی کسی مارچ میں شرکت نہیں کی ہوگی، برصغیر کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی سمندر اسلام آباد میں آنے والا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اسلام آباد آنے والے عوامی سمندر کا ہر اول دستہ ہمارے پرجوش نوجوان ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ہمارے اسلام آباد مارچ سے قبل ہونے والا ہمارا آخری جلسہ (آج) جمعہ کو ملتان میں ہوگا اور اس جلسے میں آپ سب کو میں وہ دن بتاؤں گا جس دن میری ساری قوم نے اسلام آباد پہنچنا ہے۔سابق وزیراعظم نے کہاکہ ہمارا اسلام آباد پہنچنے کا مقصد ملک کیلئے حقیقی آزادی حاصل کرنا ہے۔حقیقی آزادی کی وضاحت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ایک ہوتی ہے وہ آزادی جس کو ہم آزادی تو کہتے ہیں مگر اس میں ہمیں بیرونی ممالک سے احکامات دیے جاتے ہیں کہ ہم یہ کریں، یہ نہ کریں۔

عمران خان نے کہا کہ اس آزادی میں ہمیں باہر سے ڈکٹیشن دی جاتی ہے کہ روس سے سستا تیل نہیں لینا، روس سے گندم نہیں لینی۔انہوںنے کہاکہ دوسری آزادی وہ ہوتی ہے جس میں وہ ملک اپنے لوگوں کی بہتری کیلئے آزادانہ فیصلے کرتا ہے، اس آزادی میں دوسرے لوگوں کے مفادات کے لیے اپنے لوگوں کو قربان نہیں کیا جاتا۔اس موقع پر پرجوش کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں اپنے توائیاں بچالو، ہمیں اپنے مارچ کے دوران آپ کے جنون، جوش اور آپ کی انرجی کی ضرورت پڑیگی اس کیلئے آپ اپنی توائیاں بچالیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہماری منزل قریب ہے، ہم الیکشن چاہتے ہیں، ہم امپورٹڈ حکومت نہیں چاہتے، ہم صاف شفاف الیکشن کے ذریعے آزادی چاہتے ہیں اور جب تک ہمیں صاف اور شفاف انتخابات کی تاریخ نہیں ملے گی، اس وقت تک عوام کا سمندر اسلام آباد سے واپس نہیں جائیگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات