بجلی 4 روپے پانچ پیسے مہنگی ہونے کا امکان

سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دائر کر دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 20 مئی 2022 11:05

بجلی 4 روپے پانچ پیسے مہنگی ہونے کا امکان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 مئی 2022ء ) مہنگائی سے پسے عوام کے لیے بری خبر آئی ہے۔بجلی 4 روپے پانچ پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے۔سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دائر کر دی۔رپورٹ کے مطابق اپریل میں 13 ارب 55 کروڑ یونٹس سے زائد بجلی پیدا کی گئی جس کی فی یونٹ پیداواری لاگت 10 روپے 66 پیسے فی یونٹ رہی۔

اپریل کے لیے ریفرنس لاگت 6 روپے 60 پیسے فی یونٹ مقرر تھی، نیپرا اتھارٹی سماعت کے بعد فیصلہ کرے گی۔اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہو گا۔سی پی پی اے کے مطابق اپریل میں پانی سے 18.55 فیصد کوئلے سے 16.74 اور فرنس آئل سے 12.07 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔فرنس آئل سے پیدا ہونے والے بجلی کی فی یونٹ لاگت 28 روپے پیسے فی یونٹ رہی۔

(جاری ہے)

اپریل میں مقامی گیس سے 9.85 فیصد، درآمدی ایل این جی سے 19.42 فیصد ، جوہری ایندھن سے 17.37 فیصد اور ہوا سے 3.59 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ذمہ داری کا تقاضا یہ ہے کہ توانائی کے شعبے میں دیے جانیوالے ریلیف کی واپسی سے متعلق فیصلہ جتنا بھی مشکل ہو لے لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 6 مہینوں میں عالمی مارکیٹ میں توانائی کی قیمتیں کم ہو تی نظر نہیں آ رہیں،بجلی لوڈشیڈنگ میں کمی لائیں گے مگر یہ زیرو نہیں٘ ہو گی۔

وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا کہ مئی کے زیرو لوڈشیڈنگ کے دن ابھی واپس نہیں آئیں گے ۔ ایل این جی کے چار اضافی جہاز اور فرنس آئل کے پانچ جہاز خرید لیے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی پیداوار بڑھانے پر توجہ دے رہے ہیں ،حالیہ لوڈشیڈنگ کی بڑی وجہ حویلی بہادر شاہ کے ایل این جی پلانٹ کی مرمت ہے ۔ اس کے علاوہ وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ پچھلی حکومت نے اس وقت ایل این جی نہیں خریدی جب قیمت چار پانچ ڈالر تھی ۔