محکمہ لائیو سٹاک کی مویشی پال حضرات کو جانوروں کا ریکارڈسائنسی بنیادوں پر مرتب کرنے کی ہدایت

جمعہ 20 مئی 2022 13:14

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے لائیو سٹاک فارمرزاور مویشی پال حضرات کو ہدایت کی ہے کہ وہ گوشت اور دودھ کی زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے اور جانوروں و مویشیوں کو فربہ بنانے سمیت انہیں ہر قسم کی بیماریوں سے پاک رکھنے کیلئے سائنسی بنیادوں پر ان کا ریکارڈ مرتب کریں،باڑوں کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ دودھ و گوشت کی پیداوار کے حصول کیلئے رکھے گئے جانوروں اور مویشیوں کو کسی قسم کا نقصان پہنچنے سے بچایا جا سکے۔

محکمہ لائیو سٹاک فیصل آباد کے ڈویژنل دائریکٹر داکٹر حیدر علی خان نے بتا یا کہ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ اور نواحی اضلاع میں بڑی تعداد میں لائیو سٹاک فارم موجود ہیں، جہاں گائے، بھینسیں، بھیڑ بکریاں اور دیگر جانور و مویشی پالے جا رہے ہیں تاکہ دودھ اور گوشت کی زیادہ سے زیادہ پیداوار کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک فارمرز کو چاہیے کہ وہ محکمہ کی مشاورت سے جانورو ں و مویشیوں کو متعدی امراض سے بچاؤ کیلئے شیڈول کے مطابق حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں ، نئے خریدے گئے جانوروں کو کم از کم 10سے 15روز کیلئے کسی علیحدہ جگہ پر رکھا جائے اور اسے بیمار ریوڑ میں شامل کرنے سے گریز کیا جائے۔

انہوں نے جانوروں کے باڑوں کو موسم کی شدت سے بھی محفوظ بنانے کی ہدایت کی ہے۔