ماہانہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مدمیں بجلی 4روپے پانچ پیسے مہنگی ہونے کا امکان

جمعہ 20 مئی 2022 13:20

ماہانہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مدمیں بجلی 4روپے پانچ پیسے مہنگی ہونے کا امکان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) ماہانہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مدمیںبجلی 4روپے پانچ پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے، نیپرا کی جانب سی31 مئی کو سماعت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دائر کردی ہے، اپریل میں 13 ارب 55 کروڑ یونٹس سے زائد بجلی پیدا کی گئی جس کی فی یونٹ پیداواری لاگت 10 روپے 66 پیسے فی یونٹ رہی۔

(جاری ہے)

اپریل کے لئے ریفرنس لاگت 6 روپے 60 پیسے فی یونٹ مقرر تھی، نیپرا اتھارٹی سماعت کے بعد فیصلہ کرے گی۔اضافے کااطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔سی پی پی اے کے مطابق اپریل میں پانی سے 18.55 فیصد کوئلے سے 16.74 فیصد اور فرنس آئل سے 12.07 فیصد بجلی پیدا کی گئی ،فرنس آئل سے پیدا ہونے والی بجلی کی فی یونٹ لاگت 28 روپے 19 پیسے فی یونٹ رہی ، اپریل میں مقامی گیس سے 9.85 فیصد ،درآمدی ایل این جی سے 19.42 فیصد، جوہری ایندھن سے 17.37 فیصد اور ہوا سے 3.59 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔