Live Updates

حکومت کے آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری ہیں:احسن اقبال

گزشتہ حکومت کے اقدامات کی تصحیح کرنے کی پوری کوشش کریں گے، گزشتہ حکومت نے سیاسی رشوت کے طور پر صوبوں کے منصوبوں کو پی ایس ڈی پی میں شامل کیا،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی میڈیا سے گفتگو

Umar Nawaz عمر نواز جمعہ 20 مئی 2022 13:28

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 مئی 2022ء ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت کے آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکومت کے اقدامات کی تصحیح کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکومت نے سیاسی رشوت کے طور پر صوبوں کے منصوبوں کو پی ایس ڈی پی میں شامل کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ سابق وزیر منصوبہ بندی نے صوبائی منصوبوں کو رکھا جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ فیڈرل پی ایس ڈی پی میں 42 فیصد منصوبے صوبوں کے ہیں جن کو صوبوں کے فنڈز سے ہونا چاہیے۔احسن اقبال کا کہنا ہے کہ 900 ارب روپے پی ایس ڈی پی منصوبوں کیلئے رواں مالی سال میں مختص تھے اس کو کم کرکے 500 ارب کردیا گیا تاہم اگلے مالی سال وفاقی ترقیاتی پروگرام کے تحت 700 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان اب بھی جہاز پر سوار ہیں، امید ہے جلد لینڈ کر جائے گا۔ رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی حکومت نے جس شعبے میں ہاتھ ڈالا وہ تباہ ہو گیا، عمران خان ایک پروفیشنل دلہا ہے جو ہر شادی میں ناکام ہوا ہے، عمران نیازی قوم سے ایک نئے رشتے کی تلاش میں نکلا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گوادر کے منصوبے 4 سال تک التوا کا شکار رہے ہیں، عمران نیازی کی حکومت نے گوادر پورٹ کے ساتھ مجرمانہ سلوک کیا، گوادر بندرگاہ میں کوئی بڑا جہاز لنگر انداز نہیں ہو سکتا جبکہ پسنی فش ہاربر بھی کئی سال سے بند پڑا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہائبرڈ وار کے ذریعے ملک میں انارکی پھیلائی جا رہی ہے، عمران خان کی ناکامیوں کا بوجھ کس حد تک اتحادی حکومت اٹھا سکتی ہے، وزیراعظم نے موجودہ صورتحال پر اپنی مشاورت مکمل کر لی ہے، اتحادی حکومت پاکستان کو اس گرداب سے نکالنے کے لیے کوشاں ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان نے سنگین غفلت اورمجرمانہ کوتاہی کا مظاہرہ کیا، عمران نیازی کو اپنی حکومت کی کارکردگی کا حساب دینا ہو گا، عمران نیازی سے کہنا چاہتا ہوں کہ اگلا الیکشن موسیقی اور رقص کروا کر نہیں جیتا جا سکتا، انہیں بتانا ہوگا کہ پاکستان کو دیوالیہ کیوں کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم گزشتہ حکومت کے جھوٹے کیسز کا سامنا کر رہے ہیں، کھیلوں کا کمپلیکس بنانے پر ہمیں سزا دی جا رہی ہے، عمران خان اب بھی خود کو وزیراعظم سمجھ رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات