پاکستان کی اولین ترجیح سنگین ملکی اقتصادی چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

جمعہ 20 مئی 2022 15:03

پاکستان کی اولین ترجیح     سنگین ملکی  اقتصادی چیلنجز کا مقابلہ کرنا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی نئی حکومت کی فوری ترجیح ملک کو درپیش سنگین اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکہ کے دورے کے موقع پر نیویارک میں دوست ممالک کے سفیروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم کی طرف سے دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام ترقیاتی شراکت داروں اور برادر اسلامی ممالک کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کے ذریعے ان چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی امید رکھتا ہے۔

عشائیہ میں شرکت کرنے والوں میں سعودی عرب، مراکش، آذربائیجان، ایران، عمان، اٹلی، مالٹا، ایکواڈور، مصر، انڈونیشیا، متحدہ عرب امارات اور کویت کے سفیر بھی شامل تھے۔ وزیر خارجہ نے اپنے ریمارکس میںعالمی اور علاقائی مسائل کے حوالے سے پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات کا بھی خاکہ پیش کیا جن میں افغانستان، جموں و کشمیر کی صورتحال، سلامتی کونسل میں اصلاحات کے علاوہ ، مہنگائی اور خوراک کی حفاظت، کوویڈ 19 کی وبا، معاشی صورتحال اور موسمیاتی تبدیلی شامل ہیں۔