حکومتی اتحادی ایم کیو ایم پاکستان بھی قبل از انتخابات کرانے کے حامی نکلی

ہم بھی فریش مینڈیٹ کے حامی ہیں، ملکی معاشی حالات اچھے نہیں، محض اپنی سیاست کیلیے ملک کو معاشی بحران میں نہیں دھکیلناچاہیے، خالد مقبول صدیقی

جمعہ 20 مئی 2022 15:05

حکومتی اتحادی ایم کیو ایم پاکستان بھی قبل از انتخابات کرانے کے حامی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) حکومتی اتحادی ایم کیو ایم پاکستان بھی قبل از انتخابات کرانے کے حامی نکلی، خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ ہم بھی فریش مینڈیٹ کے حامی ہیں، ملکی معاشی حالات اچھے نہیں، محض اپنی سیاست کیلیے ملک کو معاشی بحران میں نہیں دھکیلناچاہیے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ حکومت کی مدت 17 اگست 2023 تک ہے، حکومت قبل از وقت انتخابات بھی کراسکتی ہے، اسے عوام کی عدالت میں جانے کا اختیار ہے اور ہم بھی فریش مینڈیٹ کے حامی ہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جلسے جلوسوں سے کمزور حکومتوں پر دبائو پڑتا ہے، ملکی معاشی حالات اچھے نہیں، محض اپنی سیاست کیلیے ملک کو معاشی بحران میں نہیں دھکیلناچاہیے۔انہوں نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات عالمی منڈی کی وجہ سے متاثر ہیں، ہمارا موقف ہے کہ ایسے پالیسی اختیار کی جائے جس سے ملک معیشت اور غریب متاثر نا ہو، اور اب وقت آگیا ہے کہ ان ڈائریکٹ کے بجائے ڈائریکٹ ٹیکس لگایا جائے۔