محکمہ زراعت کے زیر اہتمام ڈویژن بھر میں خشک سالی سے نجات کیلئے نماز استسقا کی ادائیگی کا اہتمام

جمعہ 20 مئی 2022 15:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) محکمہ زراعت کے زیر اہتمام فیصل آباد ڈویژن بھر میں جمعہ کو مسلسل و طویل خشک سالی سے نجات کیلئے نماز استسقا کی ادائیگی کا اہتمام کیا گیا جس میں محکمہ زراعت کے افسران و اہلکاران اور سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس موقع پررب کائنات کے حضور باران رحمت کیلئے سجدہ ریز ہوکر خصوصی دعائیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمحکمہ زراعت کے حکام نے کہا کہ محکمہ زراعت کے تحت خشک سالی کے بڑھتے ہوئے خدشات سے بچاؤ کے پیش نظرنماز استسقاادا کی گئی ہے کیونکہ فصلات کی اچھی پیداوار کے حصول کیلئے اس نازک مرحلے پر بارش کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ باران رحمت کی بدولت فضائی و ماحولیاتی آلودگی میں کمی سمیت انسانی و حیوانی صحت،نقل و حمل اور فصلوں کی نشوونما کے دوران درپیش مسائل میں کمی واقع ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اللہ تبارک وتعالیٰ باران رحمت عطا فرمائے جسکی وجہ سے ہمارے ملک میں کاشتہ فصلات پر اچھے اثرات مرتب ہونگے۔