تقرریاں،تبادلے شفاف ہیں، عدالت میں جواب دینگے، مریم اورنگزیب

جمعہ 20 مئی 2022 21:55

تقرریاں،تبادلے شفاف ہیں، عدالت میں جواب دینگے، مریم اورنگزیب
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2022ء) وزیراطلاعات مریم اور نگزیب نے تفتیشی اداروں میں تقرر و تبادلے کے ازخود نوٹس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداروں میں غیر قانونی بھرتیوں کاسلسلہ ختم کردیا گیا ہے۔اپنے جاری کردہ بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پیمرا ٹیم کی کارکردگی قابل تعریف ہے، پیمرا ٹیم اچھا کام کررہی ہے۔

(جاری ہے)

مختلف وزارتوں میں رولز میں لچک پیدا کرکے بھرتیاں کی گئی ہیں ، میری طرف سے پی ٹی وی میں بغیر میرٹ پر کی گئی بھرتی پر نرم رویہ کی بات غلط ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ بدقسمتی سے سرکاری ٹی وی میں سیاسی بنیاد پر بھرتیاں ہوتی ہیں، سیاسی بنیاد پر ہوئی بھرتیوں سے متعلق کارروائی کرکے کچھ لوگوں کو برطرف کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ میری وزارت میں نہ صرف ایکشن لیا گیا بلکہ برطرفیاں بھی کی گئی ہیں اور اداروں میں غیر قانونی بھرتیوں کا سلسلہ ختم کردیا گیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ تقرریاں اور تبادلے شفاف ہیں، کابینہ نے رولز آف بزنس کے تحت فیصلے کیے ہیں لہٰذا پابندی کے فیصلے کا جواب سپریم کورٹ میں پیش کریں گے۔