حکومت قبل از وقت انتخابات کراسکتی ہے، خالد مقبول صدیقی

جمعہ 20 مئی 2022 21:52

حکومت قبل از وقت انتخابات کراسکتی ہے، خالد مقبول صدیقی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2022ء) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سڑک پر ہونے والے مظاہرے کمزور حکومتوں کو دباؤ میں لا سکتے ہیں۔ ہم فریش مینڈیٹ کے حامی ہیں، حکومت قبل از وقت انتخابات بھی کراسکتی ہے۔سندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے رہنما ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی اور عالمی حالات کی وجہ سے متاثر ہیں، ایسی پالیسیاں اپنائی جائیں کہ نہ ملک کی معیشت پر اثر پڑے نہ غریب متاثر ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وقت آ گیا ہے پاکستان میں براہ راست ٹیکس کا رواج، قانون اور کلچر اپنایا جائے، ٹیکس امیروں سے لیا جائے اور غریبوں پر لگایا جائے۔آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سربراہ ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ نئے الیکشن کی تاریخ 17 اگست 2023 ہے، مقررہ وقت سے پہلے جب بھی حکومتوں کو لگے کہ عوام کی عدالت کے پاس چلے جانا چاہیے تو یہ ان کا حق ہے۔

(جاری ہے)

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سڑک پر ہونے والے مظاہرے کمزور حکومتوں کو دباؤ میں لا سکتے ہیں، مضبوط حکومتوں کو نہیں، ہم بھی چاہتے ہیں کہ ایک فریش مینڈیٹ پوری قوم کے لیے بڑا ضروری ہے، حکومت قبل از وقت انتخابات بھی کراسکتی ہے مگر اپنی سیاست کیلئے ملک کو کسی معاشی بحران کے حوالے نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے اور سندھ حکومت کے درمیان معاہدہ نہیں ایک ورکنگ ریلیشن ہے۔