وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی خصوصی دعوت پر (کل) چین کا دو روزہ دورہ کرینگے

وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام وزیر خارجہ کے وفد کا حصہ ہوں گے،ترجمان دفتر خارجہ

جمعہ 20 مئی 2022 22:01

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی خصوصی دعوت پر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی خصوصی دعوت پر (کل)21 مئی کو چین کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام وزیر خارجہ کے وفد کا حصہ ہوں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران وزیر خارجہ اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ وسیع مشاورت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون پر خصوصی توجہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے۔ترجمان نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پر پیش رفت، بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو فلیگ شپ پروجیکٹ پر بھی بات چیت ہو گی۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں فریقین اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر بھی ہوگا۔ترجمان کے مطابق اسٹیٹ کونسلر وانگ ڑی نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد کا خط لکھا تھا۔ترجمان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے اس سے قبل 11 مئی 2022 کو ورچوئل میٹنگ کی تھی۔