محکمہ زراعت پنجاب کے دفاتر میں باران رحمت کے لئے نمازِ استسقاء کی ادائیگی

جمعہ 20 مئی 2022 22:40

جڑانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2022ء) محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا ہے کہ آج زراعت ہاؤس لاہور سمیت صوبہ بھر میںمحکمہ زراعت پنجاب کے زیر اہتمام موجودہ گرمی کی لہر اور ہیٹ وویو سے نجات کے لئے اللہ تعالیٰ کے حضور بارانِ رحمت کے نزول کے لئے نمازِ استسقاء کی ادائیگی کی گئی ۔اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل زراعت(توسیع) ڈاکٹر محمد انجم علی نے کہا کہ موجودہ گرمی کی لہر پودوں،انسانوں اور جانوروں کے لئے حد درجہ نقصان کا باعث ہے۔

موسم خریف کی فصلات کی بوائی کا عمل بھی جاری ہے اور اُن کی بہتر پیداوار کے لئے بارش ہونا از حد ضروری ہے۔اس ضمن میں صوبہ بھر میں محکمہ زراعت کے دفاتر میں آج بعد از نمازِ جمعہ ملازمین اللہ کے حضور باران ِ رحمت کے نزول کے لئے نماز ِ استسقاء کی ادائیگی کر رہے ہیں تاکہ اللہ تعالیٰ اپنی خاص کرم فرمائی کرتے ہوئے بارش کا نزول فرما دے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں دیگر اسٹیک ہولڈرز جن میں پیسٹی سائیڈز کمپنیاں،سیڈ کمپنیاں شامل ہیں اُن کے ملازمین کو بھی نمازِ استسقاء کے لئے کہا گیا ہے۔

زراعت ہاؤس لاہور میںنمازِ استسقاء کی ادائیگی کے لئے ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع) ڈاکٹر محمد انجم علی،ڈائریکٹر زراعت(توسیع) لاہور ہیڈ کواٹر فاروق جاوید اور ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجا ب ڈاکٹر محمد انجم علی نے عوام النّاس سے بھی اپیل کی ہے کہ اپنی دعاؤں میں اللہ کے حضور بارش طلب کریں۔