دنیا کے جدید تقاضوں کے مطابق نت نئے ڈگری پروگرام متعارف کروانا ہوگی: پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان

اس کے بغیر تعلیم کے شعبے میں عالمی معیار سے ہم آہنگ تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کرایا جا سکتا: وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد

جمعہ 20 مئی 2022 22:46

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2022ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹراقرار احمد خاں نے کہا ہے کہ دنیا کے جدید تقاضوں کے مطابق نت نئے ڈگری پروگرام متعارف کروائے بغیر تعلیم کے شعبے میں عالمی معیار سے ہم آہنگ تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کرایا جا سکتا۔یہی وجہ ہے کہ جامعہ زرعیہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹیٹکس اور انرجی سسٹم انجنئیرنگ سمیت ایسے ڈگری پروگرام متعارف کروائے جو اب ملک کی متعدد جامعات میں پڑھائے جا رہے ہیں۔

ان باتوں کا اظہار انہوں نے گریجوایٹ سٹڈیز ریسرچ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی اولین زرعی دانشگاہ کی حیثیت سے جامعہ کے سائنسدانوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ کاشتکاری کو منافع بخش بنانے اور غذائی خود کفالت کے حصول کیلئے ہمیں زمینی حقائق سامنے رکھتے ہوئے بین الاقوامی معیار کے مطابق تحقیقات یقینی بنانا ہوں گی تاکہ زراعت کو درپیش مسائل پر قابو پایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں اس وقت تقریباً2.8ارب روپے مالیت کے تحقیقی منصوبہ جات کا آغاز ہو چکا ہے جس کے نتائج سے ملکی زرعی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یونیورسٹی کے سائنسدان مقابلہ جاتی بنیادوں پر مختلف فنڈنگ ایجنسیز سے مزید منصوبہ جات حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کر سکیں گے۔جی ایس آر بی نے ایم ایس ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائٹیٹکس (ایوننگ )،ایم ایس فوڈ ٹیکنالوجی (ایوننگ)،ایم ایس ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی اور پی ایچ ڈی انرجی سسٹم انجنئیرنگ کے نئے پروگرامو ں کے اجراء کی سفارشات پیش کرتے ہوئے اسے حتمی منظوری کیلئے اکیڈیمک کونسل بھجوانے کا فیصلہ کیا ۔

بورڈ نے چین کی گوانگ ژو یونیورسٹی اور جامعہ زرعیہ کے مابین پلانٹ پروٹکشن کے شعبے میں بی ایس اور ماسٹرز دو طرفہ ڈگری پروگرامز کے آغاز کیلئے پیش کی گئی تجاویز بھی اکیڈیمک کونسل حتمی منظوری کیلئے پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔بورڈ کے سیکریٹری ڈائریکٹر گریجوایٹ سٹڈیز ڈاکٹر فیصل سعیداعوان نے پروگرام کا ایجنڈہ تمام حاضرین کے سامنے پیش کیا۔