ختم نبوت کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے،مفتی محمدجان نعیمی

امام نورانی وہ امام تھے جن کا ظاہر بھی نورانی تھا اور باطن بھی نورانی تھا،تقریب عرس سے خطاب

جمعہ 20 مئی 2022 22:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) مرکز اہلسنّت دارالعلوم مجددیہ نعیمیہ ملیر کراچی میںقائد ملت اسلامیہ امام شاہ احمد نورانی صدیقی نور اللہ مرقدہ کے یوم وصال کے موقع پر جانشین شمس الفقہاء جان اہلسنّت پیر طریقت رہبر شریعت حضور مفتی اعظم سندھ قبلہ مفتی محمد جان مجددی نعیمی حفظہ اللہ (مہتمم وشیخ الحدیث جامعہ مجددیہ نعیمیہ کراچی)کی سرپرستی و صدارت میں قائد ملت اسلامیہ کی یاد میں تقریب عرس مبارک کا انعقاد کیا گیا اس موقع پردارالعلوم کی طرف سے تمام اساتذہ کرام اور طلباء کرام کی جانب سے قائد ملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمدنورانیؒکے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

حضور مفتی اعظم سندھ مفتی محمدجان نعیمی نے قائد ملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمدنورانیؒ کے حالات زندگی، اسلام اور مسلم امہ کے لئے آپ کی بیش بہا خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ مولانانورانیؒ کے ساتھ سفر و حضر میں گزارے ہوئے لمحات سدا بہار اور یادگار لمحے تھے۔

(جاری ہے)

مفتی محمد جان نعیمی نے کہا کہ امام نورانی وہ امام تھے جن کا ظاہر بھی نورانی تھا اور باطن بھی نورانی تھا، وقت کے ولی کامل تھے۔

انہوں نے اپنی شخصیت اور ولایت کو سیاست کے پردے میں پوشیدہ رکھا تھا حالانکہ انکی سیاست بھی پاکیزہ سیاست تھی۔قائد ملت اسلامیہ کی طرز سیاست اور انکے طریقے پر چل کر وطن عزیز کو درپیش موجودہ چیلنجز اور بحرانات سے نکالا جاسکتا ہے ۔اس ادارے کے ساتھ آپ کو دلی محبت اور خاص نظر و شفقت اور خصوصی تعاون تھا ۔ اکثر ادارے میں آیا کرتے تھے دیکھ کر بہت خوش ہوتے تھے دعائیں دیتے تھے ،بین الاقوامی سطح پر بالعموم مسلم امہ کے لئے اور بالخصوص اہلسنت اور اہل پاکستان کے لیے آپ کی عظیم خدمات کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔

مفتی محمد جان نعیمی نے کہا کہ امام نورانی نے جو ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کے لئے کام کیا وہ تاریخ کا یادگار حصہ ہے آج بھی ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے لئے عملی طور پر ان کی بنائی گئی تنظیم مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان عملی طور پر میدان عمل میں سرگرم ہے، ختم نبوت کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے جس کا تحفظ ہر کلمہ گو مسلمان پر لازم ہے قائد ملت اسلامیہ الشاہ الامام احمد نورانی الصدیقی کے مشن کو جاری رکھیں گے اور قادیانی سازشوں کو ناکام بنانے کا بھرپور عزم کرتے ہیں۔