وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی صوبے بھر میں سستے آٹے کی سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت،چینی او رگھی بھی سستا کرنے کا اعلان

ہفتہ 21 مئی 2022 00:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے صوبے بھر میں سستے آٹے کی سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر قصبے اور چھوٹے بڑے شہر میں 490 روپے میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کی وافر دستیابی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 160 روپے سستا کر دیا گیا ہے اور فلور ملوں کو سرکاری گندم کی فراہمی کا آغاز ہو چکا ہے۔

فلور ملوں سے مارکیٹ تک سستے آٹے کی سپلائی چین کیلئے فول پروف میکانزم وضع کیا گیا ہے اور ہمارا یہ اقدام اللہ کی مخلوق کی مشکلات کم کرنے کی حقیر کاوش ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہاکہ ہم جلد ہی چینی اور گھی کی قیمتوں میں کمی کریں گی-وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ چینی او رگھی کی قیمتو ںمیں کمی کے لئے جلد حتمی سفارشات پیش کی جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ چینی اور گھی کی قیمتیں کم کرکے خلق خدا کیلئے مزید آسانیاں پیدا کریں گے۔

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبہ بھر میں آٹے کی سپلائی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ سردار اویس احمد خان لغاری،چوہدری محمد اقبال ،بلال یاسین، مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری خوراک، ڈائریکٹر خوراک اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔