Live Updates

پاک ترک تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا آغاز ہو گیا ہے، وزیراعظم

ہفتہ 21 مئی 2022 00:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2022ء) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک ترک تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا آغاز ہو گیا ہے، دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا، پی این ایس بدر پاکستان اور ترکی کے اشتراک کی بہترین مثال ہے، جلد پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ترکی کا بڑا حصہ ہوگا، سی پیک منصوبہ علاقائی روابط کے فروغ کیلئے نہایت اہم ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں پاک بحریہ کے تیسرے ملجم کلاس کارویٹ بحری جہاز پی این ایس بدر کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بحری جہاز ترکی کے ایم ایس اسفات کے تعاون سے کراچی شپ یارڈ میں تیار کیا گیا ہی.وزیراعظم نے کہا کہ اس تقریب میں شرکت کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، پاک بحریہ کے سربراہ، ترک کمپنی اور شپ یارڈ کے عملے کو اس عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی این ایس بدر پاکستان اور ترکی کے اشتراک کی بہترین مثال ہے، پاک ترک تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا آغاز ہوگیا ہے، ترکی کے صدر رجب طیب اردوان پاکستان کے بھائی اور دوست ہیں اور وہ پاکستان کاز کے بڑے حامی ہیں.ان کے دور میں دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو استحکام حاصل ہوا ہے اور ہمارے تعلقات خارجہ پالیسی سے جہاز سازی اور ٹرانسپورٹ سے صحت عامہ کے شعبوں تک پھیل گیا ہے اور دوطرفہ تعلقات کو باہمی فائدے کیلئے ہم عظیم بلندیوں پر لے جائیں گے، پی این ایس بدر کی لانچنگ سے پاک ترک تعلقات میں نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے، پاکستان اور ترکی ایک قوم ہیں جو دو مختلف ملکوں میں رہتی ہے، کورونا کے دوران جہاز کی تیاری دونوں ملکوں کی بڑی کامیابی ہے اور پاک بحریہ اور ترکی کی کمپنیوں کے درمیان تعاون سے ہمارے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور ہم ترکی کی مہارت اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں گی.پاکستان کی طویل ساحلی پٹی ہے، تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ علاقائی روابط کے فروغ کیلئے نہایت اہم ہے اور گوادر اس کا مرکز بن رہا ہے، سی پیک کو ترکی اور ایران تک وسعت دی جا سکتی ہے، ترکی کے ساتھ برصغیر کے مسلمانوں کے تعلقات قیام پاکستان سے پہلے کے ہیں اور جلد پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ترکی کا بڑا حصہ ہوگا۔پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ترکی کا بڑا حصہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ترکی نے 2005 کے زلزلے اور 2010 میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد پاکستان کی بھرپور مدد کی اور صدر رجب طیب اردوان اور ان کی اہلیہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا تھا، یہ ہماری تاریخ کے وہ یادگار لمحات ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے عملے کیلئے 10 کروڑ روپے کا بھی اعلان کیا
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات