وزیراعظم شہباز شریف سے ترک وزیر دفاع ہلوسی اکار کی وفود کی سطح پر بات چیت

جمعہ 20 مئی 2022 23:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) وزیر اعظم شہباز شریف نے جہاز سازی، انجینئرنگ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام شعبوں میں پاکستان اور ترکی کے درمیان سٹرٹیجک تعاون کو سراہا ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے ترکی کے وزیر برائے قومی دفاع ہلوسی اکار نے وفود کی سطح پر بات چیت کی۔

وزیراعظم نے تمام بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی غیر متزلزل حمایت پر ترکی کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترکی کی مہارت اور تجربے سے ہر ممکن فائدہ اٹھایا جائے۔ انہوں نے ترکی کی حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان میں کراچی شپ یارڈ جیسے مضبوط اداروں کی ترقی میں مدد کرنے کے عزم کا اظہار کیا جو کہ ترکی کی حمایت کی وجہ سے کئی سالوں میں منافع کمانے والے ادارے میں تبدیل ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اسرار ترین، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سٹرٹیجک اینڈ پولیٹیکل کمیونیکیشن سید فہد حسین اور دیگر متعلقہ سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔