انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں15پیسے کا اضافہ ریکارڈ

ہفتہ 21 مئی 2022 00:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اوررواں کاروباری ہفتے میں امریکی ڈالر 7 روپے 61 پیسے مہنگا ہوچکا ہے۔جمعہ کو انٹر بینک میںجمعہ کو روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر مزید بڑھ گئی تاہم مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپیہ ڈٹا رہا ۔

(جاری ہے)

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں15پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 199.90روپے سے بڑھ کر200روپے اور قیمت فروخت200.10روپے سے بڑھ کر200.25روپے ہو گئی تاہم مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 200روپے اور قیمت فروخت201روپے پر برقرار رہی ۔

فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں1روپے کا اضافہ ہوا جس سے یورو کی قیمت خرید 208روپے سے بڑھ کر209.50روپے اور قیمت فروخت211روپے سے بڑھ کر212روپے ہو گئی اسی طرح1.50روپے کے اضافے سے برطانوی پونڈکی قیمت خرید 245روپے سے بڑھ کر247.50روپے اور قیمت فروخت249روپے سے بڑھ کر250.50روپے ہو گئی ۔معاشی ماہرین کے مطابق نئی حکومت آنے کے بعد سے امریکی ڈالر 17 روپے 21 پیسے مہنگا ہوچکا ہے جبکہ رواں مالی سال ڈالر کی قیمت میں 42 روپے 59 پیسے کا اضافہ ہوچکا ہے۔