نیکٹا کو مکمل فعال بنایا جائے،نیکٹا ملک سے دہشت گردی ختم کرنے کیلئے انتہائی موثر ادارہ ثابت ہوسکتاہے،وزیر داخلہ

دہشت گردی واقعات کے سدّ باب کیلئے انسداد دہشت گردی کے محکموں کوجدید بنایا جائے، محکمہ انسداد دہشتگردی پنجاب کی طرز پر دیگر صوبوں میں ادارے قائم کیے جائیں گے،محکمہ انسداد دہشت گردی تعینات عملے کو بہترین تنخواہیں اور مراعات دی جائیں گی،چینی شہریوں کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے،اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا،ملک میں پائیدار امن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے،رانا ثنا ء اللہ کااجلاس سے خطاب

ہفتہ 21 مئی 2022 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) وزیر اخلہ رانا ثناء اللہ نے نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹاکو ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ نیکٹا کو مکمل فعال بنایا جائے،نیکٹا ملک سے دہشت گردی ختم کرنے کیلئے انتہائی موثر ادارہ ثابت ہوسکتاہے،دہشت گردی واقعات کے سدّ باب کیلئے انسداد دہشت گردی کے محکموں کوجدید بنایا جائے، محکمہ انسداد دہشتگردی پنجاب کی طرز پر دیگر صوبوں میں ادارے قائم کیے جائیں گے،محکمہ انسداد دہشت گردی تعینات عملے کو بہترین تنخواہیں اور مراعات دی جائیں گی،چینی شہریوں کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے،اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا،ملک میں پائیدار امن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

جمعہ کو ملک میں امن وامان اور پاکستان میں موجود چینی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس وزارت داخلہ میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر سمیت وزارت داخلہ کے اعلی حکام اجلاس میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

چاروں صوبوں،آزاد جموں وکشمیراورگلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز اورآئی جی پولیس نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں چیئرمین نادرا، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، چیف کمشنر و آئی جی اسلام آباد اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ملک بھر میں امن وامان کی صورت حال کو یقینی بنانے کے حوالے سے اقدامات کاجائزہ لینا تھا،پاکستان میں موجود چینی شہریوں کی فٴْول پروف سکیورٹی کیلئے اقدامات کوحتمی شکل دینا بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھا۔

وزیر داخلہ نے نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹاکو ہدایت کی کہ نیکٹا کو مکمل فعال بنایا جائے،نیکٹا ملک سے دہشت گردی ختم کرنے کیلئے انتہائی موثر ادارہ ثابت ہوسکتاہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہاکہ دہشت گردی واقعات کے سدّ باب کیلئے انسداد دہشت گردی کے محکموں کوجدید بنایا جائے۔انہوںنے کہاکہ محکمہ انسداد دہشتگردی پنجاب کی طرز پر دیگر صوبوں میں ادارے قائم کیے جائیں گے۔

انہوںنے کہاکہ محکمہ انسداد دہشت گردی تعینات عملے کو بہترین تنخواہیں اور مراعات دی جائیں گی۔رانا ثناء اللہ نے کہاکہ محکمہ انسداد دہشت گردی کا ملکی امن و امان میں اور دہشت گردی واقعات روکنے میں کردار کلیدی ہے۔انہوںنے کہاکہ چینی شہریوں کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے،اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔رانا ثناء اللہ نے کہاکہ داسو ڈیم اور کراچی یونیورسٹی دہشت گردی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ دہشت گردی واقعات میں چینی شہریوں کے جانوں کے ضیاع پر پوری پاکستانی قوم کو افسوس ہے۔ انہوںنے کہاکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان سکیورٹی کے حوالے سے کوآرڈینیشن کو موثر بنانے کی ضرورت ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ وفاق چاروں صوبوں، آزاد جموں وکشمیر اورگلگت بلتستان حکومتوں کو تمام ضروری وسائل فراہم کرینگے۔ انہوںنے کہاکہ غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کیلئے وزارت داخلہ میں خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے،فارن نیشنل سکیورٹی سیل صوبائی حکومتوں کے درمیان کوارڈینیشن کریگا۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ ملک میں پائیدار امن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔