حکومت گلگت بلتستان کامحکمہ تعلیم میں فوری اصلاحات کے نفاذ کا فیصلہ

طلبہ کے شخصی ،ذہنی،سماجی اور نفسیاتی عوامل پر توجہ مرکوز کی جائیگی ، جملہ اقدامات اور اساتذہ کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ استعداد کار کو بہتر بنانے میں ممد و معاون ثابت ہوں گے، بیان

ہفتہ 21 مئی 2022 00:41

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) حکومت گلگت بلتستان نے محکمہ تعلیم میں فوری اصلاحات کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں طلبہ کے شخصی ،ذہنی،سماجی اور نفسیاتی عوامل پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ جملہ اقدامات اور اساتذہ کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ استعداد کار کو بہتر بنانے میں ممد و معاون ثابت ہوں گے۔ محکمہ تعلیم و خصوصی تعلیم گلگت بلتستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق محکمہ تعلیم کے دفتری عملے اور اساتذہ کی جدید خطوط پر مبنی تربیت دوران ملازمت بہتر سہولیات کی فراہمی اور بعد ازاں ملازمت، ان کے تجربات کو بروئے کار لانے کے حوالے سے حکمت عملی وضح کی جائے گی،اس کے علاوہ محکمہ تعلیم کے وہ اساتذہ جنہوں نے مذکورہ اصلاحات کے حصول میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہو ان کے لئے گلگت بلتستان ایوارڈ کے اجرائ کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ایوارڈ ان اساتذہ کو دیا جائے گا جنہوں نے درج ذیل شعبہ جات میں کارہائے نمایاں سرانجام دیئے ہوں۔اپنے اسکول میں طلبائ کی تعداد بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہو،تعلیم نسواں کے حوالے سے والدین کو راغب کرنے کے ساتھ ساتھ طالبات کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے مثبت کردار ادا کیا ہو، وسائل سے محروم خصوصی افراد کی تعلیمی میدان میں شمولیت کے حوالے سے مناسب رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی ہو،سماجی رکاوٹوں جیسے جسمانی معذوری اور غربت جیسے مسائل سے دوچار افراد کی مناسب مدد اور حوصلہ افزائی کی ہو،نجی مراکز اور ہنرمندی کے شعبوں کے قیام کے حوالے سے نمایاں کردار کے حامل قرار پائے ہوں۔

مندرجہ بالا اصطلاحات کے حصول کے لیے حسب ضرورت نصاب کی تیاری میں جدید اسلوب کا استعمال ،ٹیکنالوجی کی جدید سہولیات متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ معدومیت کے خطرے سے دوچار مقامی اور علاقائی زبانوں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کے ذریعے علاقائی ثقافت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ معاشرے کو درپیش مسائل کا مناسب حل تلاش کرنیمیں بنیادی اقدامات متعارف کروانا،اس اصلاحاتی پروگرام کا حصہ ہیں۔

اس ضمن میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بہترین استاد کو دس لاکھ ل،دوسرے نمبر پر آنے والے کو پانچ لاکھ جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والے استاد کو 3 لاکھ روپے کا نقد انعام دیا جائے گا، انعامات کا فیصلہ اعلی سطحی کمیٹی مختلف جہتوں پر تحقیق کے بعد سفارشات کی روشنی میں باہمی مشاورت سے کرے گی۔