این جی اوز کو کروڑوں روپے فنڈ ملنے کے باوجود تھرپارکر بدحالی کا شکار ہے،،انسانی حقوق کے علمبردار وں نے آنکھیں بندکررکھی ہیں،محمدسہیل خان

غریبوں کے بچے سسک سسک کر مررہے ہیں روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والی سندھ حکومت نے آج تک ان کا حال نہیں پوچھا ،چیئرمین نیشنل ہیومن رائٹس فائونڈیشن پاکستان

ہفتہ 21 مئی 2022 00:42

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) نیشنل ہیومن رائٹس فائونڈیشن پاکستان کے چیئرمین محمد سہیل خان نے کہا ہے کہ تھرپارکر میں انسانی حقوق کی پامالی کی جا رہی ہے ، غریبوں کے بچے ہسپتالوں میں سسک سسک کر مررہے ہیں اور انسانی حقوق کے علمبردار آنکھیں بند کر کے بیٹھے ہوئے ہیں، این جی اوز کو کروڑوں روپے فنڈ ملنے کے باوجود تھرپارکر بدحالی کا شکار ہے، انہوں نے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والی سندھ حکومت نے آج تک ان کا حال نہیں پوچھا ،علاقے میں جانوراور انسان ایک ہی تالاب سے آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں، تھرپارکر میں کروڑوں روپے لاگت سے نصب کئے گئے آر او پلانٹ بند پڑے ہیں ، توجہ دینے والا کوئی نہیں، حکومت پاکستان اور چیف جسٹس سپریم کورٹ تھرپارکر کے غریب عوام کے مسائل جلد از جلد حل کرائیں بصورت دیگر این ایچ آر ایف پی سراپا احتجاج بن جائے گی۔