لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی جو اب پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی بن چکی ہی:مجید غوری

ہفتہ 21 مئی 2022 00:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2022ء) عوامی رکشہ یونین پاکستان کے مرکز ی چیئرمین مجیدغور ی نے کہا ہے کہ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی جو اب پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی بن چکی ہے کی لاہورمیں اپنی ایل ٹی سی کے زیرانتظام چلنے والی بسوں کی تباہی اور بربادی کے بعد اب پنجاب بھر کی ٹرانسپورٹ کو برباد کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ یہ وہ سفیدہاتھی ہے جس کے پاس اب کرنے کیلئے کوئی کام نہیںہے۔

کیونکہ ساری بسیں مصری شاہ کے کباڑ خانے میں کوڑیوں کے بھائو فروخت ہو چکی ہیں۔ اب یہ غریب رکشہ ڈرائیوروں اور ٹیکسی ڈرائیوروں، چنگ چی والوں اور ویگن والوں کے جائز ناجائز چالان کرکے اپنی تنخواہوںکے پیسے اکٹھے کررہے ہیں۔ہم خادم پاکستان میاں شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز شریف سے مطالبہ کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کو رکشہ ڈرائیوروں کے چالانوں سے روکیں۔

جس طرح میاں شہباز شریف نے پٹرول کی قیمتوں میںاضافہ نہ کرکے رکشہ ڈرائیوروں اورچھوٹے ٹرانسپورٹروں کا ریلیف دیا ہے ۔اس پر ہم موجودہ حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔آٹا ، چینی ، گھی سستا کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے بھی شکر گزار ہیں اور امید کرتے ہیں کہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوںمیں مزید کمی کی جائے گی۔اور مطالبہ کرتے ہیں کہ بجلی اور گیس کے بلوں میں بھی ریلیف دیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھٹہ چوک میں پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔ بھٹہ چوک کے احتجاجی مظاہرے میں ہزاروں رکشہ ڈرائیوروں کی شرکت کی وجہ سے ٹریف کا نظام درہم برہم ہوگیا اور گاڑیوںکی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ مجید غور ی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ اگلا مظاہرہ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے دفتر کے سامنے ہوگا۔