Live Updates

بیٹی مریم کیخلاف قابل افسوس زبان درازی پر پوری قوم کو مذمت کرنی چاہیے

کم ظرفی کے اظہار سے ملک وقوم کےخلاف آپ کے جرائم چھپ نہیں سکتے، مسجد نبویﷺ کی حرمت کا پاس نہ کرنے والوں سے بیٹیوں کی عزت وتکریم کی کیا توقع ہوسکتی ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا شدید ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 20 مئی 2022 21:46

بیٹی مریم کیخلاف قابل افسوس زبان درازی پر پوری قوم کو مذمت کرنی چاہیے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2022ء) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ بیٹی مریم کیخلاف قابل افسوس زبان درازی پر پوری قوم کو مذمت کرنی چاہیے، کم ظرفی کے اظہار سے ملک وقوم کےخلاف آپ کے جرائم چھپ نہیں سکتے، مسجد نبویﷺ کی حرمت کا پاس نہ کرنے والوں سے بیٹیوں کی عزت وتکریم کی کیا توقع ہوسکتی ہے۔ انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کے نائب صدر ن لیگ مریم نواز سے متعلق بیان پر شدید ردعمل میں کہا کہ بیٹی مریم نواز شریف کے خلاف قابل افسوس زبان درازی پر پوری قوم خاص طور پر خواتین پرزور مذمت کریں۔

کم ظرفی کے اظہار سے ملک وقوم کےخلاف آپ کے جرائم چھپ نہیں سکتے۔ مسجد نبویﷺ کی حرمت و ناموس کا پاس نہ کرنے والوں سے ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی عزت وتکریم کی کیا توقع ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ خاں نے عمران خان کے خطاب پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان پلید زبان کو لگام دو ورنہ گندگی پھیلانے والی زبان ہمیں کھینچنا آتی ہے، تم قوم کی بیٹی مریم نواز کے بارے میں جملے بازی کرکے پوری قوم کی خواتین کی توہین کر رہے ہو، عمران خان کی گندی تربیت اور کردار کا عکس ہے، یہ ہے وہ لوفر لفنگا جو وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کی کرسی پر چار سال گند پھیلاتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت، عوام کو تباہ کرنے والے عمران خان نے معاشرے کی اخلاقی قدروں کا بھی جنازہ نکال دیا ہے، عمران خان کا منہ گندا نالا بن چکا ہے، ہم نے اپنا جذبہ اور جنون دکھایا تو عمران نیازی سے برداشت نہیں ہوگا، عمران نیازی مریم نواز کی نہیں پورے پاکستان کی بیٹیوں کی توہینِ کر رہا ہے۔ واضح رہے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ملتان میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز سے متعلق انتہائی غیرپارلیمانی جملوں کا استعمال کیا، سابق وزیراعظم عمرا ن خان نے کہا کہ سوشل میڈیا پرکسی نے مجھے مریم نواز کی تقریر بھیجی، مریم نواز نے اتنی دفعہ جذبے اور جنون سے میرا نام لیا کہ میں اس کو کہنا چاہتا ہوں کہ مریم تھوڑا دھیان کروکہیں میرا نام لینے پرتمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے،جس طرح تم باربار میرا نام لیتی ہو۔


Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات