حکومت پنجاب کا راولپنڈی تعلیمی بورڈ کے پرچوں کے لیک ہونے کے معاملہ کا سخت نوٹس

جمعہ 20 مئی 2022 23:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) حکومت پنجاب نے راولپنڈی تعلیمی بورڈ کے پرچوں کے لیک ہونے کے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے بورڈ کے چیئرمین اور کنٹرولر کو فی الفور تبدیل کر دیا ہے اور کمشنر راولپنڈی ڈویژن نورالامین مینگل کو چیئرمین بورڈ کا اضافی چارج دے دیا ہے۔ چیئرمین بورڈ کی معاونت کے لیے ایک انتہائی تجربہ کار ٹیم کا انتخاب بھی کر لیا گیا ہے۔

جس میں مختلف بورڈز میں کلیدی عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھنے والے پروفیسر غلام محمد جھگڑ اور راولپنڈی ڈویژن کے ممتاز پرنسپلز پروفیسر لیاقت عباسی اور پروفیسر حمید اصغر شامل ہیں۔ کنٹرولر امتحانات کا اضافی چارج سابقہ کنٹرولر اور سیکرٹری گوجرانوالہ بورڈ پروفیسر ناصر محمود اعوان کو تفویض کر دیا گیا ہے جنہوں نے اپنے عہدے کا چارج لے کر کام کا آغاز کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو بورڈ میں بورڈ کی نئی انتظامیہ کا ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام امتحانی سنٹرز کی کڑی نگرانی کی جائے گی ۔جسکے لیے خفیہ ایجنسیوں کی خدمات بھی حاصل کر لی گئی ہیں اور انہیں راولپنڈی بورڈ کے طول و عرض میں پھیل جانے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ مزید برآں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی امتحانی سنٹر میں پیپر کے آغاز کے وقت سے ایک منٹ بھی پہلے پیپر کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی پیپر کے آغاز/کھولنے کے مقررہ وقت کے ایک منٹ بعد کسی امیدوار کو امتحانی مراکز میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔

خلاف ورزی کرنے والے امتحانی عملے کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی۔ تمام امیدواران کو امتحانی مراکز میں پیپر کے آغاز کے وقت سے پہلے اپنی نشستوں پہ لازمی بیٹھنا ہو گا وگرنہ انہیں امتحانی مراکز میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ بورڈ نے ہنگامی بنیادوں پہ اپنے تمام عملے کو مختلف امتحانی مراکز میں انسپکشن کے لیے تعینات کر دیا ہے اور اپنے موبائل انسپکٹرز کو بھی امتحانی مراکز میں زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے کی تاکید کر دی ہے۔ بورڈ نے Whatsapp والے مافیا کے خلاف جہاد کا فیصلہ کیا ہے اور اس مافیا کو موقع پر گرفتار کرنے اور قرار واقعی سزا دلانے کا تہیہ کر لیا ہے۔