حکومت چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کو تحفظ کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے ، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے چینی وفد کی ملاقات

جمعہ 20 مئی 2022 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے عوامی جمہوریہ چین کی وزارت خارجہ کے ایکسٹرنل سکیورٹی کمشنر چینگ گوپنگ کی قیادت میں ایک وفد نے جمعہ کو دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں سیکرٹری خارجہ نے26 اپریل کو کراچی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی پاکستان کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے حکام حملہ آوروں کو پکڑنے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے حملے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کو اعلیٰ ترین تحفظ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ سیکرٹری خارجہ نے چین کے ساتھ اپنے دیرینہ اور کثیر جہتی تعلقات کو پاکستان کی طرف سے دی جانے والی انتہائی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فریقین پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے، سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی میں تیز رفتار پیش رفت کو یقینی بنانے اور تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔