بھارتی ریاست اُڑیسہ میں تین ہاتھی ٹرین کے نیچے آکر ہلاک،محکمہ جنگلات

جمعہ 20 مئی 2022 23:30

دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) بھارتی ریاست اُڑیسہ میں 3 ہاتھی ٹرین کے نیچے آکر ہلاک ہوگئے ہیں، ہلاک ہونے والے تین ہاتھیوں میں ایک ہتھنی اور دو بچے تھے۔انڈین خبررساں ادارے نے بتایا ہے کہ ہاتھیوں کا جھنڈ جودا فاریسٹ سے گزر رہا تھا اور صبح سویرے ریلوے لائن کراس کرتے ہوئے ٹرین سے ٹکراگیا ہے۔محکمہ جنگلات کے مطابق ہاتھی کا ایک بچہ موقع پر ہلاک ہو گیا،جبکہ ایک ہتھنی اور دوسرا بچہ اگلے روز ہلاک ہو گئے۔

(جاری ہے)

محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ ریلوے حکام کو ہاتھیوں کی موجودگی کے حوالے سے بتا دیا گیا تھا اور اس علاقے میں ٹرین کی سپیڈ 25 کلومیٹر مقرر کی گئی تھی، حادثہ اندھیرے کی وجہ سے ہوا۔سماجی کارکنوں نے اس علاقے میں ہاتھیوں کی مسلسل مختلف حادثوں میں اموات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 8 برسوں میں 11 ہاتھی ٹرین کے نیچے آ کر، 4 سڑک حادثے میں، جبکہ 13 کرنٹ لگنے سے ہلاک ہو چکے ہیں ،ہلاک ہونے والے ہاتھیوں کی مجموعی تعداد28ہوچکی ہے۔