وزیر اعلیٰ پنجاب کے اعلان کے باوجود آٹے اور چینی کی قیمتوں میں کمی نہ آ سکی

اوپن مارکیٹ میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 650 روپے، فی کلو چینی 110 روپے کی قیمت میں دستیاب، گھی اور تیل کی فی کلو قیمت میں بھی 20 روپے تک کا اضافہ ہو گیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 21 مئی 2022 00:28

وزیر اعلیٰ پنجاب کے اعلان کے باوجود آٹے اور چینی کی قیمتوں میں کمی نہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی2022ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے اعلان کے باوجود آٹے اور چینی کی قیمتوں میں کمی نہ آ سکی۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے صوبے میں آٹے اور چینی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان پر تاحال عملدرآمد کا آغاز نہ ہو سکا۔ بتایا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں اوپن مارکیٹ میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 650 روپے، فی کلو چینی 110 روپے کی قیمت میں دستیاب ہے، جبکہ گھی اور تیل کی فی کلو قیمت میں بھی 20 روپے تک کا اضافہ ہو گیا۔

گھی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے آٹے کے بعد گھی پر بھی سبسڈی دینے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ پنجاب حکومت عوام کو سستے گھی کی فراہمی کے لئے فی کلو گھی کے پیکٹ پر 25 روپے کی سبسڈی دے گی ،اس پر ماہانہ 15 کروڑ روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

۔گھی کی خریداری کے لئے شناختی کارڈ پر رجسٹریشن کرنے کی بھی تجویز شامل ہے۔

محکمہ صنعت و تجارت کے حکام کے مطابق ایک آئی ڈی کارڈ پر ایک دن میں صرف ایک کلو گھی فی گھر دینے کی تجویز ہے، دو کلو گرام گھی کے پیکٹ دس دن میں دو مل سکیں گے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے صوبے بھر میں سستے آٹے کی سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر قصبے اور چھوٹے بڑے شہر میں 490 روپے میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کی وافر دستیابی یقینی بنائی جائے۔ فلور ملوں کو سرکاری گندم کی فراہمی کا آغاز ہو چکا ہے، فلور ملوں سے مارکیٹ تک سستے آٹے کی سپلائی چین کیلئے فول پروف میکانزم وضع کیا گیا ہے۔ جبکہ ہم جلد ہی چینی اور گھی کی قیمتوں میں کمی کریں گی۔ چینی اور گھی کی قیمتوں میں کمی کے لئے جلد حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔